کلمات اللہ کا اظہار
الرسالہ، جنوری ۲۰۱۵، صفحہ ۱۸
کلمات اللہ کا اظہار
قرآن کی دو آیتوں میں ایک مشترک مفہوم بیان ہوا ہے۔ ان میں سے ایک آیت یہ ہے: وَلَوْ أَنَّ مَا فِي الْأَرْضِ مِنْ شَجَرَةٍ أَقْلَامٌ وَالْبَحْرُ يَمُدُّهُ مِنْ بَعْدِهِ سَبْعَةُ أَبُحْرٍ مَا نَفِدَتْ كَلِمَاتُ اللَّهِ إِنَّ اللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ (31:27) یعنی اور اگر زمین میں جو درخت ہیں وہ قلم بن جائیں اور سمندر، سات مزید سمندروں کے ساتھ، روشنائی بن جائیں، تب بھی اللہ کی باتیں ختم نہ ہوں گی۔ بے شک اللہ زبردست ہے، حکمت والا ہے۔
قرآن کی اس آیت اور دوسری ہم مضمون آیت (18:109) میں جس حقیقت کا بیان ہے وہ کوئی پراسرار خبر نہیں، بلکہ وہ ایک ایسا واقعہ ہے، جس کو ’’قلم‘‘ کے ذریعہ پیش آنا ہے، اور وہ ہے کلمات اللہ کو دریافت کرکے ان کو قلم بند کرنا۔ وہ ظاہر ہے جس کو موجودہ دنیا میں جدید تہذیب (modern civilization) کہا جاتا ہے، وہ اسی کلمات اللہ کی انفولڈنگ (unfolding) کا آغاز ہے۔ کلمات اللہ کی بقیہ انفولڈنگ کا تسلسل جنت میں جاری رہے گا۔ یہ بلا شبہ اہل جنت کا سب سے زیادہ لذیذ مشغلہ ہوگا۔ کلمات اللہ یا آلاء اللہ کی تعداد لامحدود ہے، اس لیے تہذیب کا یہ جنتی فیز (phase) ابدتک جاری رہے گا۔
موجودہ دنیوی تہذیب کے مقابلہ میں یہ جنتی تہذیب کا دور ہوگا۔ انسان کی نفسیات کا مطالعہ بتاتا ہے کہ انسان کے لیے سب سے زیادہ تھرلنگ تجربہ (thrilling experience) وہ ہے جس کو دریافت (discovery) کہا جاتا ہے۔ کلمات اللہ کی دریافت اور ان کو اعلیٰ وسائل کے ذریعہ مرتب کرنا، یہی وہ غیر معمولی عمل ہے جس کو قرآن میں شغل فا کہه (36:55) کہا گیا ہے، یعنی لذیذ مشغلہ (enjoyable activities)۔ یہ لذیذ ’’قلمی عمل‘‘ کوئی سادہ عمل نہ ہوگا، وہ جنت کی معیاری دنیا کے انتہائی اعلیٰ وسائل کے ذریعہ انجام پائے گا۔ جنت کا آئیڈیل ماحول اور جنت کے معیاری وسائل اس کام کو اہل جنت کے لیے ناقابل قیاس حد تک پر مسرت بنادیں گے۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 2015 All issues