مطلوب رہنمائی
الرسالہ، جون ۲۰۱۵، صفحہ ۹
مطلوب رہنمائی
سچا رہنما کون ہے، امت موسیٰ کے حوالے سے قرآن میں اس کا جواب ان الفاظ میں دیا گیا ہے: وَجَعَلْنَا مِنْهُمْ أَئِمَّةً يَهْدُونَ بِأَمْرِنَا لَمَّا صَبَرُوا وَكَانُوا بِآيَاتِنَا يُوقِنُونَ (32:24) اور ہم نے ان میں امام بنائے جو ہمارے حکم سے لوگوں کی رہنمائی کرتے تھے، جب کہ انھوں نے صبر کیا۔ اور وہ ہماری آیتوں پر یقین رکھتے تھے۔ قرآن کی اس آیت میں ائمہ سے مراد مذہبی رہنما ہیں۔ یہاں یہ سوال ہے کہ قرآن میں ان کے لیے جعلنا کا لفظ کیوں آیا، یعنی اللہ کی طرف سے تقرری (appointment)۔ جیسا کہ معلوم ہے، اللہ کی طرف سے تقرری صرف پیغمبر کی ہوتی ہے۔ پھر غیر نبی امام کو اللہ کی طرف کیوں منسوب کیا گیا۔ اس سے مراد براہ راست تقرری نہیں ہے، بلکہ اس سے مراد بالواسطہ تقرری ہے۔ اس بالواسطہ تقرری کا درجہ ان لوگوں کو ملتا ہے، جو صبر کا ثبوت دیں۔ اصل یہ ہے کہ رہنما دو قسم کے ہوتے ہیں۔ ایک وہ ہیں جو حالات کے رد عمل کے تحت (out of reaction) رہنمائی کے لیے کھڑے ہو جائیں۔ دوسری قسم ان لوگوں کی ہے، جو صابرانہ منصوبہ بندی (patient planning) کے تحت رہنمائی کے لیے اٹھیں۔ یہ دوسری قسم کے لوگ اللہ کے نزدیک درست رہنما ہیں، ان کو اللہ کی طرف سے قبولیت (acceptance) حاصل ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے رہنماؤں کے معاملہ کو اللہ کی طرف منسوب کیا گیا۔ امت کی رہنمائی کا معاملہ اصولی طور پر نظریہ کا معاملہ ہے، اور عملی طور پر وہ حالات کا معاملہ ہے۔ حالات کا رخ انسان کی آزادی اور مسابقت (competition) سے تعلق رکھتا ہے۔ خارجی حالات کبھی اہل اسلام کے موافق نہیں ہوتے۔ حقیقت یہ ہے کہ رہنمائی نام ہے، ناموافق حالات میں اپنے لیے موافق راستہ تلاش کرنا۔ ایسی حالت میں رہنما ہمیشہ دو انتخاب (options) کے درمیان ہوتا ہے۔ ایک یہ کہ حالات کے خلاف رد عمل (reaction) کرتے ہوئے کچھ جوابی سرگرمی شروع کر دینا۔ ایسے لوگ اللہ کے نزدیک غیر مطلوب رہنما ہیں، وہ کبھی اللہ کے نزدیک ربانی امام کا درجہ نہیں پا سکتے۔ دوسرے رہنما وہ ہیں جو صابرانہ منصوبہ بندی کے تحت اپنے عمل کا تعین کریں۔ یہی وہ لوگ ہیں جو اللہ کے نزدیک ربانی امام کا درجہ پائیں گے۔
‹ Previous page Next page › Contents of June 2015 All issues