Al-Risala · June 2015 · page 8

دعوتِ حق کے دو دور

الرسالہ، جون ۲۰۱۵، صفحہ ۸

دعوتِ حق کے دو دور

حضرت ابراہیم ایک پیغمبر تھے ۔ ان کا زمانہ ساڑھے چار ہزار سال پہلے کا زمانہ ہے۔ ان کی ایک دعاوہ ہے جوانھوں نے تعمیر کعبہ کے وقت قدیم مکہ میں کی تھی۔ قرآن کے مطابق ان کے الفاظ یہ تھے: رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِنْ ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُسْلِمَةً لَّكَ (2:128) یعنی اے ہمارے رب، ہم کو اپنا فرماں بردار بنا اور ہماری نسل میں سے اپنی ایک فرماں بردار امت اٹھا۔ اس ابراہیمی دعا کا ذکر بائبل میں اس طرح آیا ہے (اور خداوند نے کہا) ابراہیم سے یقیناً ایک بڑی اور زبردست قوم پیدا ہوگی اور زمین کی سب قومیں اس کے وسیلے سے برکت پائیں گی: (And the Lord said) since Abraham shall surely become a great and mighty nation, and all the nations of the earth shall be blessed in him. (Genesis 18: 18)

تاریخی پس منظر کو شامل کر کے غور کیا جائے تو اس دعا کا مطلب یہ ہے کہ آدم سے لے کر ابراہیم تک بہت سے پیغمبر آئے تا کہ وہ امر حق کا اعلان کریں، لیکن اس پوری مدت میں یہ خدائی مشن ایک انفرادی مشن بن کر رہ گیا۔ اب اللہ کو یہ مطلوب ہوا کہ امت (team) کی سطح پر اس کو انجام دیا جائے۔ حضرت ابراہیم کے زمانے میں ایک عمل (process) شروع ہوا۔ اس کے بعد ابراہیم اور اسماعیل اور ہاجرہ کی قربانیوں سے ایک نسل (بنو اسماعیل) تیار ہوئی، جس کے اندر ساتویں صدی عیسوی کے ربع اول میں محمد بن عبداللہ پیدا ہوئے ۔ ان کی دعوتی کوشش سے بنو اسماعیل میں ایک مطلوب ٹیم بنی، جس کو ایک حدیث میں العصابة (مسند احمد: 221) کہا گیا ہے۔ اس العصابہ نے اپنے زمانے کے مواقع کو استعمال کرتے ہوئے توحید کی بنیاد پر ایک انقلاب برپا کیا۔ یہ روایتی دور (traditional age) کی بات تھی۔ اب سائنسی دور (scientific age) کے تحت نئے دعوتی مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ اب دوبارہ ایک العصابہ کی ضرورت ہے جو جدید مواقع کو استعمال کرتے ہوئے نئے دور میں امر حق کا اظہار کرے۔

‹ Previous page Next page › Contents of June 2015 All issues

Printed page