Al-Risala · March 2016 · page 24

جانچنے کا معیار

الرسالہ، مارچ ۲۰۱۶، صفحہ ۲۴

جانچنے کا معیار

ایک تعلیم یافتہ مسلمان سے گفتگو ہوئی۔ گفتگو کا موضوع مصر کی سیاسی صورت حال تھی۔ مصر میں الیکشن ہوا اس کے بعد وہاں الاخوان المسلمون کے لیڈر ڈاکٹر محمد مرسی مصر کے منتخب صدر بن گئے۔ مگر ایک سال کے بعد مصر کی فوج نے ڈاکٹر مرسی کو قیادت سے ہٹا دیا۔ اس کے بعد سے مصری فوج اور الاخوان المسلمون کے درمیان متشددانہ ٹکراؤ جاری ہے۔ اس ٹکراؤ میں صرف جان و مال کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس کا کوئی مثبت نتیجہ اب تک سامنے نہ آسکا۔ اس موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مذکورہ مسلمان نے کہا کہ الاخوان المسلمون دہشت گرد تنظیم نہیں ہے:

Muslim Brotherhood is not a terrorist organization میں نے کہا کہ آپ کا یہ تبصرہ درست نہیں۔ آپ کے بیان کے مطابق، الاخوان المسلمون کا کیس اسلام کا کیس ہے ۔ وہ مصر میں اسلام لانا چاہتے ہیں اور دشمن طاقتیں ان کے منصوبے کو نا کام بنانے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔ میں نے کہا کہ قرآن میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ اللہ ہمیشہ اہل ایمان کے ساتھ ہوتا ہے۔ پھر اگر الاخوان المسلمون کا کیس اسلام کا کیس ہے تو اللہ کی مدد ان کے لیے کیوں نہیں آتی۔ ایسی حالت میں زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ یہ کہا جائے کہ اللہ نے الاخوان المسلمون کے دشمن کے مقابلے میں ان کی حمایت نہیں کی:

God is not on the side of Muslim Brotherhood.

اللہ نے اس دنیا کو پیدا کیا ہے، وہی اس دنیا کو چلا رہا ہے۔ اس دنیا کا چلانے والا کوئی انسان نہیں ہے، بلکہ اللہ رب العالمین براہ راست طور پر اس دنیا کی تنظیم کر رہا ہے، اس لیے دنیا میں پیش آنے والے واقعات کی توجیہہ کے لیے آدمی کو یہ کرنا چاہیے کہ وہ دنیا کے بارے میں قانون خداوندی کو دریافت کرے اور اس کی روشنی میں دنیا میں ہونے والے واقعات کی توجیہہ کرے ۔ اس کے سوا کوئی اور طریقہ انسان کو درست رائے تک نہیں پہنچا سکتا۔ دوسرا طریقہ اندھیرے میں بھٹکنے کا راستہ ہے، نہ کہ روشنی میں سفر کرنے کا راستہ۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2016 All issues

Printed page