Al-Risala · September 2016 · page 19

ترجمۂ قرآن کی اشاعت

الرسالہ، ستمبر ۲۰۱۶، صفحہ ۱۹

ترجمۂ قرآن کی اشاعت

قرآن ایک الہامی کتاب (revealed book) ہے۔ قرآن واحد مستند آسمانی صحیفہ ہے۔ قرآن خالق کے تخلیقی نقشہ (creation plan) کو جاننے کا واحد ذریعہ ہے۔ قرآن ایک ایسی کتاب ہے جس کو پڑھنا، ہر آدمی کی لازمی ذمہ داری ہے۔ جو شخص قرآن کو پڑھے بغیر مر جائے، وہ گویا بے خبری کی زندگی جیا اور بے خبری کی موت مر گیا۔

قرآن کی اہمیت کا تقاضا تھا کہ اس کی حفاظت کا کامل اہتمام کیا جائے۔ امت نے قرآن کی حفاظت کا یہ کام بلاشبہ آخری حد تک انجام دیا ہے۔ اس وقت جو قرآن ہمارے ہاتھ میں ہے، وہ اللہ کا بھیجا ہوا وہی قرآن ہے جو فرشتہ جبریل کے ذریعے لفظی طور پر اتارا گیا، اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو لفظی طور پر اخذ کر کے امت کو دیا۔

یہ قرآن کے عربی متن کی حفاظت کا معاملہ ہے۔ مگر جہاں تک قرآن کے معانی کی اشاعت کا تعلق ہے، وہ ایک ایسا کام ہے جس کو کرنا ابھی باقی ہے۔ عربی متن بلاشبہ محفوظ ہے، اور وہ پرنٹنگ پریس کے زمانے میں بے شمار تعداد میں چھپ کر ہر گھر اور ہر ادارے میں پہنچ چکا ہے۔ لیکن دنیا کی بڑی آبادی ابھی اس سے بے خبر ہے کہ قرآن میں اس کو جو پیغام دیا گیا ہے، وہ پیغام کیا ہے۔ قرآن کے مطابق، اللہ کی یہ سنت ہے کہ اس کا پیغام ہر قوم کو اس کی اپنی زبان میں پہنچے (ابراہیم: 4)۔ مگر قرآن کے معاملے میں ابھی تک یہ کام مکمل صورت میں نہیں ہوا ہے۔ امت کی یہ لازمی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا کی ہر زندہ زبان میں قرآن کا قابل فہم ترجمہ تیار کرے، اور پیس فل طریقہ کار کے ذریعے اس کو لوگوں تک پہنچائے۔ جو لوگ اس ذمہ داری کو انجام دیں، وہ بلاشبہ اللہ کی اس نصرت کے مستحق قرار پائیں گے جس کا ذکر قرآن کی اس آیت میں کیا گیا ہے: وَلَيَنْصُرَنَّ اللَّهُ مَنْ يَنْصُرُهُ (22:40) اور اللہ ضرور اس کی مدد کرے گا جو اللہ کی مدد کرے۔ حقیقت یہ ہے کہ آج اس سے بڑا کوئی اور کام نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2016 All issues

Printed page