Al-Risala · February 2016 · page 43

امیج بلڈنگ

الرسالہ، فروری ۲۰۱۶، صفحہ ۴۳

امیج بلڈنگ

موجودہ زمانے میں بعض اسباب کے تحت اسلام کی یہ تصویر (image) بن گئی ہے کہ اسلام ایک تشدد کا مذہب ہے۔ قرآن اپنے ماننے والوں کو جہاد و قتال کی تعلیم دیتا ہے۔ اسلام کے نزدیک امن کی کوئی اہمیت نہیں۔ یہ غلط فہمی کی بات ہے۔ لیکن موجودہ زمانے میں یہ غلط فہمی اتنی زیادہ عام ہو گئی ہے کہ ساری دنیا کے لوگ کسی نہ کسی اعتبار سے اس غلط فہمی کا شکار ہو گئے ۔ یہ معاملہ بے حد سنگین ہے۔ اس عالمی صورت حال کی بنا پر آج اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ وہ چیز بن گئی ہے جسے تصویر کو درست کرنا (image-building) کہا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک طرف مسلمانوں کو سختی کے ساتھ اس کا اہتمام کرنا چاہیے کہ ان کا کوئی عمل اس غلط فہمی کی تصدیق نہ بن جائے۔

اس مقصد کے حصول کے لیے دوسرا کام یہ کرنا ہے کہ ایسی کتابیں تیار کر کے اس کو ساری دنیا میں پھیلایا جائے، جس میں یہ بتایا گیا ہو کہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے۔ اسلام ہر حال میں امن قائم کرنا چاہتا ہے۔ اسلام اور تشدد دونوں ایک ساتھ جمع نہیں ہو سکتے۔

الرسالہ مشن کے تحت اس مقصد کے لیے بہت سی کتابیں شائع کی گئی ہیں۔ اور الرسالہ مشن کے تحت ان کتابوں کو عالمی سطح پر پھیلایا جا رہا ہے۔ ان کتابوں میں قرآن کا ترجمہ بھی شامل ہے۔ پولینڈ کے ایک کرسچن اسکالر نے ہمارے یہاں کا چھپا ہوا انگریزی ترجمہ پڑھا تو انھوں نے تعجب آمیز خوشی کے ساتھ کہا کہ اس ترجمے کو پڑھ کر تو مجھے یہ دریافت ہوئی کہ قرآن ایک امن پسند کتاب ہے۔ اس سلسلے کی تازہ کوشش یہ ہے کہ ہمارے ادارے سے ایک نئی انگریزی کتاب شائع ہوئی ہے، جس کا نام دور امن (The Age of Peace) ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ اس کتاب کو حاصل کر کے اس کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں، خاص طور پر انگریزی داں طبقے کے درمیان۔ امیج بلڈنگ کے نقطہ نظر سے یہ کتاب بہت زیادہ اہم ہے۔ اس کتاب کو ادارے سے ربط کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 2016 All issues

Printed page