Al-Risala · June 2017 · page 27

استعداد بڑھائیے

الرسالہ، جون ۲۰۱۷، صفحہ ۲۷

المسعودی نے لکھا ہے: وزید بن ثابت الأنصاري... يكتب إلى الملوك ويجيب بحضرة النبي صلى الله عليه وسلّم وكان يترجم للنبي صلى الله عليه وسلّم بالفارسية والرومية والقبطية والحبشية، تعلم ذلك بالمدينة من أهل هذه الألسن (التنبيه والإشراف للمسعودی، قاهرہ، صفحہ 246)۔ یعنی زید ابن ثابت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے بادشاہوں کے نام خط لکھا کرتے تھے، اور ان کے خطوط کا جواب دیتے تھے، وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے فارسی، رومی، قبطی، حبشی زبان سے ترجمہ کیا کرتے تھے۔ انھوں نے مدینہ میں اہل زبان سے یہ زبانیں سیکھی تھیں ۔ اس کے علاوہ مسند احمد (حدیث نمبر 21587) وغیرہ ، کی روایت کے مطابق انھوں نے یہودیوں کی زبان بھی سیکھی تھی۔

اس طرح ان کو چھ زبانیں آتی تھیں۔ عربی کے علاوہ فارسی، رومی، قبطی، حبشی اور سریانی۔ داعی کے لیے ززیادہ زبانیں جاننے کی ضرورت موجودہ زمانے میں اور بھی بڑھ گئی ہے۔ موجودہ زمانے میں کمیونی کیشن (communication) اور دوسرے اسباب سے لوگوں کا ایک مقام سے دوسرے مقام پر جانا بہت زیادہ ہوگیا ہے۔ مختلف سطح پر لوگوں کے درمیان تعلقات میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ دعوت کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے زبان کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ جو لوگ موجودہ زمانے میں دعوت کا کام کرنا چاہتے ہیں ان کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں بہت زیادہ توجہ دیں۔ تا کہ وہ دعوت کا کام بہت زیادہ مفید انداز میں انجام دے سکیں۔ یہ بات صرف زبان کی حد تک محدود نہیں ہے، بلکہ موجودہ زمانے میں اس میں نئے پہلووں کا اضافہ ہوا ہے۔ مثلا کمپیوٹر، جو گویا کہ مشینی زبان کا ایک آلہ ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ کمپیوٹر کو سیکھیں، اور کمپیوٹر کے ذریعہ جو دعوت کے نئے مواقع حاصل ہوئے ہیں، اس کو اویل (avail) کریں۔ موجودہ زمانے میں کمپیوٹر صرف ایک چیز کا نام نہیں ہے۔ کمپیوٹر گویا ایک عالمی یونیورسٹی کا گیٹ وے (gateway) ہے۔ یہ عظیم نعمت ہے، اور اس نعمت کا شکر، یہ ہے کہ لوگ اس کو یادہ سے زیادہ دعوت دین کے لیے استعمال کریں۔

‹ Previous page Next page › Contents of June 2017 All issues

Printed page