منسوخ، موقوف
الرسالہ، اپریل ۲۰۱۸، صفحہ ۱۸
منسوخ، موقوف
دین کے احکام ممکن طور پر دو قسم کے ہو سکتے ہیں۔ ایک وہ جو قابلِ تنسیخ ہوں، اور دوسرا وہ جن کو منسوخ تو نہ کیا جا سکتا ہو، لیکن ان کو وقتی طور پر موقوف کرنا درست ہو۔ کسی شرعی حکم کو منسوخ (abrogate) کرنا ایک اصولی معاملہ ہے۔ اور اصولی معاملہ میں تغیر کا حق صرف شارع کو ہے، اور جہاں تک موقوف (suspend) کرنے کا معاملہ ہے، وہ ایک اجتہادی معاملہ ہے، اور امت کے علماء دلائل شرعیہ کے ذریعہ بطور اجتہاد ایسا کر سکتے ہیں۔ مثلاً رسول اللہ کے مدنی دور میں وقتی طور پر قبلۂ یہود کو قبلہ مسلمین قرار دے دیا گیا، لیکن بعد کو یہ حکم متروک ہو گیا (البقرۃ : 144- 143)۔ یعنی کعبہ ابدی طور پر اہل اسلام کا قبلہ قرار پایا۔ اب کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ اس حکم میں تغیر کرے۔ کسی حکم کو موقوف قرار دینے کا معاملہ ایک اجتہادی معاملہ ہے۔ مثلاً اعداد قوت کے بارے میں حدیث میں آیا ہے کہ اس سے مراد تیر اندازی ہے۔ پیغمبر اسلام نے قرآن (8:60) کی آیت پڑھی: وأعدوا لهم ما استطعتم من قوة، اور کہا: ألا إن القوة الرمي، ألا إن القوة الرمي، ألا إن القوة الرمي (صحیح مسلم، حدیث نمبر 167)۔ موجودہ زمانے میں اس حکم کی حیثیت ایک موقوف حکم کی ہے، لیکن اگر کسی وقت حالات کا تقاضا ہو کہ رمی کے طریقہ کو دوبارہ اختیار کیا جائے، تو اس طریقے کو اختیار کیا جا سکتا ہے۔ گویا کہ کسی حکم کا موقوف ہونا، ہمیشہ مشروط معنی میں ہوتا ہے۔ کسی حکم کو منسوخ قرار دینے کا اختیار صرف شارع کو ہے، یعنی اللہ اور اللہ کے رسول کو، اور جہاں تک موقوف قرار دینے کا معاملہ ہے، یہ ایک اجتہادی فعل ہے۔ امت کے علماء کو یہ حق ہے کہ وہ قانونِ ضرورت (law of necessity) کے تحت کسی حکم کو وقتی طور پر موقوف قرار دے دیں۔ اسی کی ایک مثال یہ ہے کہ اصحابِ رسول کے زمانے میں اہل فتنه سے قتال کا حکم دیا گیا تھا۔ یہ حکم چوں کہ شریعت کے متن میں موجود ہے، اس لیے کوئی شخص اس کو منسوخ نہیں قرار دے سکتا، البتہ ضرورت شرعیہ کے تحت بطور اجتہاد اس حکم کو موقوف قرار دیا جا سکتا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of April 2018 All issues