Al-Risala · May 2018 · page 19

دور قدیم ، دور جدید

الرسالہ، مئی ۲۰۱۸، صفحہ ۱۹

دور قدیم ، دور جدید

دور قدیم اور دور جدید اصلًا یہ ہے کہ دور قدیم مبنی بر عقیدہ علم پر قائم تھا، اور دور جدید مبنی بر دریافت علم پر قائم ہے۔ سائنس اسی کا نام ہے کہ علوم فطرت کے مطالعے سے جو چیز دریافت ہو، اس کو مان لیا جائے، اور جو چیز فطرت کے مطالعے سے دریافت نہ ہو، اس کو انتظار کے خانے میں ڈال دیا جائے۔ گلیلیو کے زمانے میں جو نزاع تھی، وہ یہی تھی کہ ٹیلیسکوپ (telescope) کے مطالعے سے یہ دریافت ہوا تھا کہ زمین سورج کے گرد گھوم رہی ہے۔ یعنی ہیلیوسینٹرک تھیری (heliocentric theory)، نہ کہ جیو سینٹرک تھیری (geocentric theory)۔ مسیحی طبقہ اپنے روایتی عقیدہ کے مطابق اس کے خلاف ہو گیا۔ اس لیے دونوں کے درمیان متشددانہ نزاع قائم ہو گئی۔ اب مسیحی طبقہ نے سائنسی دریافت کو مان لیا ہے، اس لیے اب یہ نزاع بھی ختم ہو گئی۔

سائنس کا علم، نہ موافق مذہب علم ہے اور نہ مخالف مذہب علم۔ سائنسی علم دراصل موافق فطرت (pro-nature knowledge) کا نام ہے۔ سائنس سے نزاع کرنا، ایک غیر ضروری کام ہے۔ کیوں کہ سائنس کا موقف کسی نزاع سے متعین نہیں ہوگا، بلکہ صرف اس حقیقت سے متعین ہوگا کہ فطرت کے مطالعے سے کیا بات درست ثابت ہوئی ہے۔ اہل اسلام کے لیے اس معاملے میں یہ سبق ہے کہ وہ مسیحی گروہ کی غلطی کو نہ دہرائیں۔ سائنسی دریافتوں کو وہ مذہبی عقیدہ سے نہ جانچیں۔ بلکہ اس کی واقعیت کو فطرت کے دریافت شدہ قانون کی روشنی میں جانچ کر دیکھیں۔

اس سلسلے میں دوسری بات یہ ہے کہ وہ مغربی سائنس اور مغربی کلچر میں فرق کریں۔ مغربی سائنس مبنی بر دریافت علم کا نام ہے۔ اس کے برعکس، مغربی کلچر مغربی سوسائٹی کا حصہ ہے۔ وہ ایک سماجی ظاہر ہ ہے، نہ کہ کوئی علمی طور پر دریافت شدہ حقیقت۔ سائنس کا تعلق حدیث کے مطابق، بصیرت زمانہ سے ہے۔ حدیث کے الفاظ یہ ہیں: علی العاقل أن يكون بصيراً بزمانه (صحیح ابن حبان، حدیث نمبر (361)۔ یعنی مومن عاقل پر ضروری ہے کہ وہ اپنے زمانے سے باخبر ہو۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2018 All issues

Printed page