Al-Risala · August 2020 · page 10

اہل جنت

الرسالہ، اگست ۲۰۲۰، صفحہ ۱۰

اہل جنت

قرآن کی ایک آیت کے مطابق ، جنت میں وہ لوگ داخلہ پائیں گے ، جن کو پیشگی طور پر جنت کی معرفت حاصل ہوئی ہو : وَيُدْخِلُهُمُ الْجَنَّةَ عَرَّفَهَا لَهُمْ (47:6)۔ یعنی اور ان کو جنت میں داخل کرے گا ، جس کی اس نے انھیں پہچان کرا دی ہے۔

جنت کی پیشگی معرفت کیا ہے۔ وہ یہ کہ آدمی جنت کے موضوع پر اتنا زیادہ تدبر کرے کہ جنت اس کے لیے اجنبی چیز نہ رہے ، بلکہ وہ ایک جانی پہچانی حقیقت بن جائے۔ یعنی جنت اس کے لیے ایسی چیز بن جائے ، جس کو اس نے دیکھے بغیر دیکھا ہے۔ پہلے زمانے میں انسان کو حیوان ناطق کہا جاتا تھا۔ موجودہ زمانے میں انسان کی تعریف ان الفاظ میں کی گئی ہے : conceptual thinking animal انسان کی یہی خصوصیت ہے ، جو کسی صاحبِ ایمان کو عارف بالجنۃ انسان بناتی ہے۔ جنت کی طلب انسان کے لاشعور میں فطری طور پر بسی ہوئی ہے۔ اس کے بعد جب وہ دنیا میں اللہ کی نعمتوں کو پاتا ہے ، اور اس پر غور کرتا ہے تو وہ دوبارہ جنت کا تعارف حاصل کر لیتا ہے۔ اس لیے جنت انسان کے لیے ایک قابل دریافت چیز ہے۔ جس طرح ایک سائنسداں مظاہر فطرت پر غور کر کے فطرت کے ایک قانون کو دریافت کرتا ہے ، اسی طرح ایک مومن اللہ کی نعمتوں پر غور کر کے جنت کا تعارف حاصل کرتا ہے۔

جیسا کہ قرآن سے معلوم ہوتا ہے۔ انسان کو تخلیق کے بعد جنت میں رکھا گیا تھا ، پھر اس کو جنت سے نکلنا پڑا۔ اس اعتبار سے جنت انسان کے لیے ایک دیکھی ہوئی چیز کو پانے کے ہم معنی ہے۔ اس حقیقت کو ایک حدیث میں ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے : لَأَحَدُهُمْ بِمَسْكَنِهِ فِي الْجَنَّةِ أَدَلُّ بِمَنْزِلِهِ كَانَ فِي الدُّنْيَا (صحیح البخاری ، حدیث نمبر 2440 ) ۔ یعنی اہل جنت میں سے ہر ایک اپنے جنت کے مسکن کو اس سے زیادہ جانے گا ، جتنا وہ دنیا میں اپنی منزل کو جانتا تھا۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2020 All issues

Printed page