بڑھاپا، رِمائنڈرہ کا زمانہ
الرسالہ، مئی ۲۰۲۰، صفحہ ۱۵
بڑھاپا، رِمائنڈرہ کا زمانہ
بڑھاپا زندگی کا ایک فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ اب انسان کے لیے موت کا وقت قریب آچکا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ پہلا دورِ حیات ختم ہوا، اور اب دوسرا دورِ حیات شروع ہونے والا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ وہ وقت قریب آچکا ہے، جس کو قرآن میں یَوْمَ يَقُومُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ (83:6) کے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔ بڑھاپا یاد دلاتا ہے کہ انسان کے لیے عمل کا زمانہ ختم ہو چکا ہے، اور اب عمل کے مطابق محاسبہ کا وقت آگیا۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ عارضی دورِ حیات سے گزر کر ابدی دورِ حیات میں داخل ہونے کا وقت قریب آچکا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ اب اس کا سامنا اس رب العالمین سے ہونے والا ہے جس سے اس کی کوئی چیز چھپی ہوئی نہیں۔
بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ انسان کے لیے وہ وقت قریب آچکا ہے، جس کو قرآن میں یوم التغابن (التغابن، 64:9) کہا گیا ہے۔ یعنی کسی کے لیے ہار کا دن اور کسی کے لیے جیت کا دن۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ عنقریب اس کا داخلہ یا تو ابدی جنت میں ہونے والا ہے، یا اس کے لیے ابدی حسرت (البقرۃ، 2:167) ہوگی۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ آخری تو بہ کا وقت قریب آچکا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ آخری فیصلے کا وقت قریب آچکا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ آدمی کے لیے گویا فائنل کال (final call) ہے کہ اب تمھارے لیے تلافی مافات کا آخری لمحہ ہے۔ جو کام ماضی میں نہ ہوسکا اس کو اب انجام دینے کی کوشش کرو۔ اب تمھارے لیے آخری وقت ہے کہ تم ماضی کی غلطی کی اصلاح کر لو۔ اب تمھاری زندگی میں جو تھوڑا سا وقت باقی ہے، وہ تمھارے لیے آخری وقت ہے۔ اس کو استعمال کر لو، کیوں کہ اب یہ وقت دوبارہ تمھارے لیے آنے والا نہیں۔ پچھلا زمانہ اگر تم نے سونے میں گزار دیا تو اب جاگ اٹھو۔ کیوں کہ بیداری کا وقت اب دوبارہ آنے والا نہیں۔