تخلیقی عمل
الرسالہ، اپریل ۲۰۲۱، صفحہ ۵
تخلیقی عمل
انگریزی کا ایک قول ہے_ جس انسان نے کبھی غلطی نہیں کی، اس نے کبھی نیا کام نہیں کیا: A person who never made a mistake never tried anything new. نیا کام سے مراد ہے تخلیقی (creative) کام_ اصل یہ ہے کہ اس دنیا میں انسان جو کام بھی کرتا ہے، اس میں غلطی کا امکان رہتا ہے۔ جتنا بڑا کام اتنا زیادہ غلطی کا امکان_ یہ امکان اس وقت مزید بڑھ جاتا ہے، جب کہ وہ اجتہادی عمل ہو، یعنی تخلیقی (creative) عمل_ ایسی صورت میں انسان کے لیے غلطی کے باوجود پرامید ہونے کا امکان اللہ نے باقی رکھا ہے۔ اللہ نے اس بات کا اعلان قرآن کی اس آیت میں کیا ہے: قُلْ يَا عِبَادِيَ الَّذِينَ أَسْرَفُوا عَلَى أَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوا مِنْ رَحْمَةِ اللَّهِ إِنَّ اللَّهَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ جَمِيعًا إِنَّهُ هُوَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ (53 : 39)۔ یعنی کہو کہ اے میرے بندو، جنھوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے، اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔ بیشک اللہ تمام گناہوں کو معاف کر دیتا ہے، وہ بڑا بخشنے والا، مہربان ہے۔ قرآن کی اس آیت میں مایوسی سے بچنے کی تعلیم دی گئی ہے۔ اس آیت کا مطلب یہ ہے کہ تمھارے پچھلے لمحات کسی غلطی کی وجہ برباد ہو جائیں تو یہ نہ سمجھو کہ تمھاری زندگی میں فل اسٹاپ آگیا۔ نہیں، زندگی میں ہمیشہ کا ما (،) لگا رہتا ہے۔ زندگی میں پنچل اتنے زیادہ ہوتے ہیں کہ اس میں کبھی فل اسٹاپ کی نوبت نہیں آتی، ہمیشہ کا ما لگا رہتا ہے۔ یعنی کسی انسان کے لیے کسی بھی حال میں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، اس کی زندگی کا اگلا امکان ابھی باقی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ یہ آنے والا موقع پچھلے موقع سے زیادہ اہم ہو۔ اس لیے اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس کو اپیل کرنا چاہیے۔ کوئی انسان، خواہ وہ مرد ہو یا عورت، اس دنیا میں جب آتا ہے، تو وہ لامحدود امکان (unlimited potential) لے کر آتا ہے۔ انسان کو صرف اس امکان کو پہچاننا ہے۔ پہچاننے کے بعد اس کے امکانات فطرت کے زور پر ان فولڈ (unfold) ہونے لگتے ہیں، اور یہ سلسلہ تا عمر جاری رہتا ہے، وہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔
‹ Previous page Next page › Contents of April 2021 All issues