Al-Risala · November 2022 · page 43

بہترین خطا کار

الرسالہ، نومبر ۲۰۲۲، صفحہ ۴۳

بہترین خطا کار

گناہ کے حوالے سے ایک پرامید حدیث رسول یہ ہے: اللہ ایک بندہ کو اس کے گناہ سے بھی فائدہ پہنچاتا ہے، جس گناہ کا ارتکاب وہ کرگزرتا ہے (إِنَّ اللَّهَ لَيَنْفَعُ الْعَبْدَ بِالذَّنْبِ يُذْنِبُه) مسند الشهاب، حدیث نمبر 1095۔ گناہ سے انسان کیسے خدا سے قریب ہو سکتا ہے۔ اصل یہ ہے کہ گناہ اپنے آپ میں غلط عمل ہے، مگر وہ آپ کو نیکی کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یعنی غلطی کا ارتکاب ہونے پر آپ سرکشی کا طریقہ اختیار نہ کریں، بلکہ ندامت کا احساس کرکے خدا کے آگے جھک جائیں۔ یہی عمل تو بہ کہلاتا ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ کبھی روٹین میں کیا جانے والا نیک عمل انسان کو خدا سے قریب نہیں کرپاتا ہے۔ لیکن ایک گناہ انسان کو خدا سے بہت زیادہ قریب کر دیتا ہے۔ بشرطیکہ انسان کو اپنے گناہ پر شرمندگی کا احساس ہو، اور وہ سنجیدگی کے ساتھ توبہ واستغفار کا طریقہ اختیار کرے۔ گویا گناہ آپ کو یہ موقع دیتا ہے کہ آپ خدا سے قریب ہو جائیں۔ احساس گناہ کوئی معمولی عمل نہیں ہے۔ یہ آپ کی شخصیت میں تبدیلی کا دروازہ ہے۔ وہ خدا سے زیادہ سے زیادہ قریب ہونے کا ذریعہ ہے۔ آپ کی شخصیت جو گناہ سے پہلے عام شخصیت تھی، وہ گناہ کے بعد ایک ربانی شخصیت میں بدل سکتی ہے۔

احساس گناہ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ احساس کمتری (inferiority complex) کا شکار ہو کر یہ سمجھ لیں کہ میں کوئی نیک عمل نہیں کر سکتا۔ ہر وقت مجھ سے گناہ اور غلطیاں ہوتی رہتی ہیں۔ پھر اس کے بعد آپ ناامیدی کا شکار ہو کر دھیرے دھیرے ڈپریشن کا شکار ہو جائیں۔ یہ اسلام کی تعلیم نہیں۔ اسلام کی تعلیم ہے تو بہ یعنی رپینٹنس (repentance) پھر نئی انرجی کے ساتھ نیک عمل۔ رسول اللہ اہل ایمان کو توبہ واستغفار پر بہت زیادہ ابھارا کرتے تھے۔ ایک صحابی حبیب بن حارث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا: یا رسول اللہ! مجھ سے گناہ ہوتے رہتے ہیں۔ آپ نے کہا: تو بہ کر لیا کرو۔ اس نے کہا: اے اللہ کے رسول، میں تو بہ کروں گا، لیکن دوبارہ میں گناہ کروں گا۔ آپ نے فرمایا، جب جب گناہ کرو تو بہ کر لو۔ اس نے کہا: تب میرے گناہ بہت زیادہ ہو جائیں گے۔ رسول اللہ نے کہا: اللہ کی معافی تیرے گناہوں سے بہت وسیع ہے (عَفْوُ اللَّهِ أَكْثَرُ مِنْ ذُنُوبِكَ) المعجم الأوسط للطبرانی، حدیث نمبر 4854۔ (مولانا فرہاد احمد)

‹ Previous page Next page › Contents of November 2022 All issues

Printed page