4 مارچ، 1986
الرسالہ، جولائی ۲۰۲۳، صفحہ ۴۱
نیچی نظر ، دل میں فکر ، زبان پر ذکر اور قدم ملا کر چلو گے تو منزلیں آسان ہو جائیں گی۔ یہ بہت مومنانہ بات ہے۔ ایمان اللہ کی عظمتوں کے احساس کا نام ہے۔ جو شخص اللہ کی عظمتوں کے احساس سے بوجھل ہو رہا ہو ، اس کی نگاہ جھک جائے گی۔ اس کا دل سوچ میں ڈوب جائے گا۔ اس کی زبان اللہ کو پکارے گی اور اللہ کو یاد کرنے لگے گی۔ جن لوگوں کے اندر یہ گہرے اوصاف پیدا ہو جائیں وہ اس کے بعد لازمی طور پر متحد ہو جاتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے انانیت اور سرکشی کا جذبہ چھن جاتا ہے۔ اور جو لوگ انانیت اور سرکشی سے خالی ہو جائیں ان کے باہمی اتحاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ جو لوگ اس قسم کے ایمان و یقین سے سرشار ہوں اور پھر وہ باہم مل کر متحد ہو جائیں، ان کے لیے ہر منزل آسان ہے۔ کوئی طاقت ان کو زیر نہیں کر سکتی ، کوئی مشکل ان کو کامیابی تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔
4 مارچ، 1986
افضال احمد ایم اے اے(اٹاوہ) ملاقات کے لیے تشریف لائے۔ وہ اٹاوہ میں بزنس کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مقامی بک سیلر کے یہاں سے الرسالة خرید کر پڑھتے ہیں اور 1978 سے پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے الرسالة کی کافی تعریف کی۔
میں نے کہا کہ الرسالة صرف ایک ماہانہ میگزین نہیں، وہ ایک مشن ہے۔ اور مشن کا حق صرف اتنا ہی نہیں ہوتا کہ آپ اس کی تعریف کر دیں۔ مشن چاہتا ہے کہ آپ خود کو اس میں شامل (involve) کریں۔ یہی وجہ ہے کہ جب تک کوئی شخص ایجنسی نہ لے ہمارے نزدیک اس کی تعریف قابل لحاظ نہیں۔ وہ فوراً ایجنسی لینے کے لیے راضی ہو گئے۔
ایسے بھی لوگ ہیں جنہوں نے الرسالة کی تعریف کی اور میں نے ان سے مذکورہ بات کہی، مگر وہ ایجنسی لینے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔
انسانوں میں طرح طرح کے لوگ ہوتے ہیں۔ کسی مشن کی کامیابی کا سب سے بڑا راز یہ ہے کہ اس کو جاندار افراد مل جائیں۔ جاندار افراد وہ ہیں جو بات کو فوراً سمجھ لیں اور جو کچھ سمجھیں ان پر بلا تاخیر عمل کرنے کے لیے آمادہ ہو جائیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 2023 All issues