Al-Risala · September 2023 · page 14

تکرار

الرسالہ، ستمبر ۲۰۲۳، صفحہ ۱۴

مطالعہ حدیث شرح مشکوۃ المصابیح ( حدیث نمبر 85-72 )

عبداللہ بن جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شیطان اس سے مایوس ہو چکا ہے کہ جزیرہ عرب میں نمازی لوگ اس کی پرستش کریں۔ لیکن وہ ان کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے سے مایوس نہیں (صحیح مسلم، حدیث نمبر 2812)۔

رسول اور اصحاب رسول کے ذریعے جو انقلاب آیا اس نے مذہبی بت پرستی کو اتنا زیادہ بے بنیاد ثابت کر دیا کہ اب اس قسم کی مشرکانہ روش میں نہ سماجی عزت کا پہلو باقی رہا اور نہ مادی مفاد کا۔ اس لیے امت کے بعد کی نسلوں میں گمراہی کھلی بت پرستی کے راستے سے نہیں آئے گی۔ بلکہ وہ نفس پرستی اور مفاد پرستی کے راستے سے آئے گی۔ اس دوسری گمراہی کا اظہار اس طرح ہو گا کہ لوگ ذاتی مصلحتوں کے لیے آپس میں ایک دوسرے سے لڑیں گے۔

عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک آدمی آیا۔ اس نے کہا کہ میں اپنے دل میں ایسی بات پاتا ہوں کہ زبان سے اس کو بولنے سے زیادہ مجھ کو پسند ہے کہ میں جل کر کوئلہ ہو جاؤں۔ آپ نے فرمایا کہ اس خدا کا شکر جس نے اس طرح کے معاملہ کو وسوسہ قرار دیا (سنن ابوداؤد، حدیث نمبر 5112)۔

موجودہ دنیا میں آدمی فتنوں اور آزمائشوں کے درمیان جیتا ہے۔ اس لیے کوئی آدمی اس سے نہیں بچ سکتا کہ اس کے دل میں غلط قسم کے خیالات آئیں۔ لیکن انسان کی پکڑ بولے ہوئے قول اور کیے ہوئے عمل پر ہے، دل کے اندر گزرے ہوئے خیالات پر نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2023 All issues

Printed page