Al-Risala · March 2023 · page 12

عالمی انذار

الرسالہ، مارچ ۲۰۲۳، صفحہ ۱۲

لَيُؤَيِّدَنَّ اللَّهُ هَذَا الدِّينَ بِالرَّجُلِ الفَاجِرِ (المعجم الكبير للطبرانی ، حدیث نمبر 14640)، یعنی ، اللہ تعالیٰ ضرور اسلام کی تائید ایسے لوگوں سے کرے گا ، جو اہل اسلام میں سے نہ ہوں گے۔ مزید مطالعہ کے ذریعے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ سپورٹر وہ تھے ، جنھوں نے بعد کے زمانے میں پرنٹنگ پریس اور کاغذ (paper) جیسی چیزیں ایجاد کیں۔ انھوں نے ایسی ٹکنالوجی دریافت کی ، جس کے ذریعے یہ ہوا کہ دنیا میں ایک نیا دور آ گیا ، جس کو ایج آف کمیونی کیشن کہا جاتا ہے۔ اس معاملے میں قرآن کے ساتھ احادیثِ رسول کو شامل کر کے مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ بعد کے زمانے کے لوگوں نے تائید کا وہ کام انجام دیا ، جس کی پیشین گوئی حدیث میں کی گئی تھی ۔ اب اہل ایمان کا یہ کام تھا کہ وہ غیر اہل دین کی اس تائید کو دریافت کریں ، اور اس کو عالمی سطح پر انسانوں کو خدا کے منصوبہ تخلیق سے باخبر کرنے کے لیے استعمال کریں۔ یعنی بعد کے اہل ایمان کو یہ کرنا تھا کہ وہ قرآن کے محفوظ عربی متن کا قابل فہم ترجمہ ہر زبان میں تیار کریں ، اور بعد کے پیدا شدہ ذرائع ، پرنٹنگ پریس اور کمیونی کیشن کو استعمال کر کے قرآن کو لوگوں کی قابل فہم زبان میں ساری دنیا میں پہنچائیں۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ دورِ اول کے اہل ایمان قرآن کے ابلاغ کے لیے مُقری (reciter) بنے تھے ، بعد کے اہل ایمان مطبوعہ تراجم قرآن کے عالمی ڈسٹری بیوٹر بن جائیں۔ یہ اللہ رب العالمین کی پلاننگ تھی۔ جس طرح زراعت کے لیے پہلے آسمان سے بارش ہوتی ہے ، اس کے بعد کسان اس پانی کو استعمال کر کے مٹی (soil) پر زرعی عمل کرتا ہے ، وہ اناج اگاتا ہے ، اور پھر سارے انسان کو غذا فراہم ہوتی ہے۔ اسی طرح بعد کے اہل ایمان کو یہ کرنا ہے کہ جب دنیا میں دورِ ابلاغ (age of communication) آئے ، تو وہ احادیثِ رسول کی پیشین گوئی کو اس کے تطبیقی پہلو (applied way) کے اعتبار سے پڑھیں ، اور اللہ رب العالمین کی پلاننگ کو سمجھ کر آگے بڑھیں ، وہ ایج آف کمیونی کیشن کو بھر پور طور پر استعمال کریں ، اور اللہ کے پیغام کو ساری دنیا میں پہنچا دیں۔ اب آخر وقت آ گیا ہے کہ اس منصوبہ کو مکمل کیا جائے ، اور جدید ذرائع کو استعمال کر کے لوگوں کی قابل فہم زبان میں قرآن کو عالمی سطح پر پہنچا دیا جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2023 All issues

Printed page