Al-Risala · January 2024 · page 26

اجتہاد کیا ہے

الرسالہ، جنوری ۲۰۲۴، صفحہ ۲۶

مثلاً مسلمان موجودہ زمانے میں خلافت یا اسلامی حکومت قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ان کا یہ مقصد قربانیوں کے باوجود پورا نہ ہو سکا۔ اب اجتہاد یہ ہے کہ مسلمان یہ دریافت کریں کہ قدیم طرز کی خلافت کا قیام اب سرے سے ممکن ہی نہیں رہا۔ اب وہ زمانہ آگیا ہے کہ خلافت کے ماڈل کو چھوڑ کر دوسرے قابلِ عمل ماڈل کو دریافت کرنا، اور اس کے مطابق ملت کی عمارت تعمیر کرنا۔ اسی طرح قرآن میں ایک تاریخی حقیقت کا بیان ان الفاظ میں آیا ہے: يَا قَوْمِ ادْخُلُوا الْأَرْضَ الْمُقَدَّسَةَ الَّتِي كَتَبَ اللَّهُ لَكُمْ وَلَا تَرْتَدُّوا عَلَى أَدْبَارِكُمْ فَتَنْقَلِبُوا خَاسِرِينَ (21)۔ اے میری قوم، اس پاک زمین میں داخل ہو جاؤ جو اللہ نے تمہارے لئے لکھ دی ہے۔ اور اپنی پیٹھ کی طرف نہ لوٹو ورنہ نقصان میں پڑ جاؤ گے۔

کچھ لوگ اس آیت کو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زمانے کے ساتھ خاص مانتے ہیں۔ یہ بلاشبہ ایک جذباتی اجتہاد ہے۔ کیوں کہ آیت کے الفاظ عام ہیں تو خاص کرنے کی دلیل اس سے نہیں نکلتی۔ قرآن کی اس آیت کے بارے میں موجودہ دور کے علما صحیح اجتہادی اسپرٹ سے تقریباً محروم ہو گئے ہیں۔ ان میں سے کچھ علما اس حد تک گئے ہیں کہ انھوں نے فلسطین کے معاملے میں خود کش حملے کو جائز قرار دیا ہے۔ یہ صرف انتہا پسندی نہیں ہے، بلکہ وہ حرام کو حلال قرار دینے کے ہم معنی ہے، اور یہ غلطی اس لیے ہوئی کہ علماء نے اسرائیل کے مسئلے کو ایک مستثنیٰ مسئلہ قرار دے دیا۔ اصل یہ ہے کہ موجودہ دور کے علماء صحیح اجتہادی اسپرٹ سے تقریباً محروم ہو گئے ہیں۔ وہ اجتہاد کو ایک قسم کی فکری بے راہ روی سمجھتے ہیں۔ حالاں کہ حدیث میں اجتہاد کی اس قدر حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ اگر آدمی سے اجتہاد کرنے میں غلطی ہو جائے، تو اس پر بھی ثواب کی خوش خبری دی گئی ہے (مسند احمد، حدیث نمبر 17774؛ صحیح البخاری، حدیث نمبر 7352)۔ چنانچہ اس ڈر سے اجتہاد نہ کرنا کہ کہیں مجھ سے غلطی نہ ہو جائے، یہ ایک بے بنیاد وسوسہ ہے، نہ کہ صحیح اسلامی اسپرٹ۔ حقیقت یہ ہے کہ ملت کے مستقبل کی تعمیر ممکن کی بنیاد پر ہو سکتی ہے، ناممکن کی بنیاد پر نہیں۔ اور زمانی اعتبار سے ناممکن اور ممکن کے درمیان کا فرق صرف اجتہاد کے ذریعے معلوم ہو سکتا ہے۔ کسی ڈکشنری کو کنسلٹ کرنے سے اس کا جواب ملنے والا نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2024 All issues

Printed page