Al-Risala · January 2024 · page 33

سپریم چیز

الرسالہ، جنوری ۲۰۲۴، صفحہ ۳۳

جب کہ موجودہ دنیا ہر اعتبار سے غیر معیاری (imperfect) ہے۔ اس صورتِ حال نے انسان اور موجودہ دنیا کے درمیان ایک تضاد پیدا کر دیا ہے۔ اسی تضاد کا یہ نتیجہ ہے کہ کوئی انسان ہر قسم کے دنیوی سامان کو حاصل کرنے کے باوجود مطمئن نہیں ہوتا۔ دنیا کی ہر چیز اس کو اپنے ذہنی معیار سے کم تر معلوم ہوتی ہے۔ اس لیے وہ ان کو پا کر بھی مطمئن نہیں ہوتا۔ بظاہر راحت کے سامان کے درمیان بھی وہ ہمیشہ ایک قسم کے غیر شعوری عدم اطمینان میں مبتلا رہتا ہے۔ فطرت کا یہ قانون ثابت کرتا ہے کہ دنیوی راحت کے سامانوں میں ذہنی سکون تلاش کرنا ایک ایسا بے سود عمل ہے جو کبھی کار آمد بننے والا ہی نہیں۔ اس مسئلہ کا واحد ممکن حل وہی ہے، جس کو دین میں قناعت (contentment) کہا گیا ہے۔ حدیث میں مومن کی مثال مسافر سے دی گئی ہے (صحیح البخاری، حدیث نمبر 6416)۔ مسافر کا معاملہ کیا ہے، وہ اپنے آپ کو سفر کی حالت میں سمجھتا ہے، اس لیے وہ تنگی اور پریشانی کے باوجود سفر کے وقت، یا سواری میں بیٹھ کر اطمینان کے ساتھ اپنا سفر طے کرتا ہے۔ اسی حقیقت پسندانہ سوچ کا نام قناعت (contentment) ہے۔ یعنی آدمی صورتِ موجودہ پر دل سے راضی ہو جائے۔

دنیا میں جب بھی کوئی شخص صحیح اصول کے مطابق کمانے کی کوشش کرے تو وہ ضرور اتنی معاش حاصل کر لیتا ہے جو اس کی ضرورتوں کے لیے کافی ہو۔ اگر وہ اس ملے ہوئے پر راضی ہو جائے تو اس کا فائدہ اس کو ذہنی سکون کی صورت میں ملے گا۔ لیکن سکون ہمیشہ قناعت سے ملتا ہے اور قناعت کا مطلب ہے ملے ہوئے پر راضی ہو جانا۔

صحابی رسول سعد بن ابی وقاص نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: اے میرے بیٹے، جب تم مال طلب کرو تو اس کو قناعت کے ساتھ طلب کرو۔ کیوں کہ جس کے اندر قناعت نہ ہو مال اس کے لیے کافی نہیں ہو سکتا : قَالَ سَعْدُ بْنُ أَبِي وَقَّاصِ لِابْنِهِ: يَا بُنَيَّ! إِذَا طَلَبْتَ الْغِنَى، فَاطْلُبْهُ بِالْقَنَاعَةِ؛ فَإِنَّهُ مَنْ لَمْ يَكُنْ لَهُ قَنَاعَةٌ لَمْ يُغْنِهِ مَالٌ (تاریخ دمشق لابن عساكر، جلد 20، صفحه 363)۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کُنْ قَنِعًا، تَكُنْ أَشْكَرَ النَّاسِ (سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر 4217)۔ یعنی، قناعت کرنے والے بنو، تم سب سے زیادہ شکر کرنے والے بن جاؤ گے۔ شکر گزاری کا جذبہ انسان کے اندر پیس آف مائنڈ پیدا کرتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2024 All issues

Printed page