Al-Risala · November 2024 · page 35

دین میں آسانی

الرسالہ، نومبر ۲۰۲۴، صفحہ ۳۵

ایسے ہوں کہ ہائی پروفائل (high profile) میں کام کرنے سے نقصان کا اندیشہ ہو وہاں لو پروفائل (low profile) کو اختیار کرنے کا حکم ہے۔

دینی مقصد کے لیے اقدام کرنا بجائے خود ثواب کا ایک عمل ہے۔ مگر جہاں ایسی صورتِ حال پیدا ہو جائے کہ اقدام کرنا موت کی طرف چھلانگ لگانے کے ہم معنی ہو وہاں شریعت کا حکم بدل جائے گا۔ اب اقدام کے بجائے اعراض اہل اسلام کے لیے شریعت کا مطلوب عمل بن جائے گا۔ اسی طرح ایک معاشرہ ہے جہاں سیاسی اصلاح کی ضرورت ہے۔ لیکن حالات بتاتے ہیں کہ اگر سیاسی تبدیلی کو نشانہ بنا کر تحریک چلائی جائے تو ہلاکت کی صورت پیش آجائے گی تو ایسے معاشرہ میں لوگوں کو ہلاکت میں ڈالنے کے بجائے خود حکم کو بدل دیا جائے گا۔ اب وہاں یہ مطلوب ہو جائے گا کہ سیاسی انقلاب کے محاذ سے ہٹ کر انفرادی اصلاح کے میدان میں پرامن کوششیں کی جائیں۔ اسی طرح ایک موقع جہاں اعلان واظہار ایک شرعی مطلوب نظر آتا ہے۔ مگر اسی کے ساتھ یہ بھی ممکن ہے کہ اگر لاؤڈ اسپیکر کی پرشور تقریر کا طریقہ اختیار کیا جائے تو سماج میں اس کا منفی ردعمل ہوگا اور اہل اسلام کے لیے شدید تر حالات پیدا ہو جائیں گے۔ تو ایسی حالت میں شور والا عمل ساقط ہو جائے گا، اور شریعت کا تقاضا ہو جائے گا کہ خاموش تدبیر کا انداز اختیار کر کے اپنا مقصد حاصل کیا جائے۔ اس کو فقہا نے بطور اصول ان الفاظ میں بیان کیا ہے: دَرْءُ الْمَفَاسِدِ أَوْلَى مِنْ جَلْبِ الْمَصَالِح (الموافقات للشاطبی ، جلد 5، صفحہ 300)۔ یعنی نقصانات کو روکنا فائدہ حاصل کرنے سے زیادہ اہم ہے۔ اس قسم کی باتوں کی طرف ایک حدیثِ رسول میں ان الفاظ میں رہنمائی کی گئی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا: مومن کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ اپنے آپ کو ذلیل کرے (لا ینبغی لِلْمُؤْمِنِ أَنْ يُذِلَّ نَفْسَہٗ) ۔ صحابہ نے پوچھا: کوئی شخص اپنے آپ کو کس طرح ذلیل کرتا ہے۔ آپ نے کہا: کسی ایسے مشکل کام میں وہ پڑ جائے جس سے نمٹنے کی اس میں طاقت نہ ہو (يَتَعَرَّضُ مِنَ الْبَلَاءِ لِمَا لَا يُطِيقُ) سنن الترمذی، حدیث نمبر 2254۔

عُسْر سے بچنا اور یُسْر کا طریقہ اختیار کرنا یہ ہے کہ بوقتِ عمل یہ دیکھا جائے کہ موجودہ حالات میں کیا چیز ممکن ہے اور کیا چیز ممکن نہیں ہے۔ اور پھر ممکن دائرہ میں اپنی قوتوں کو صرف کیا جائے، نہ کہ ناممکن دائرہ میں سر ٹکرا کر مزید اپنے نقصان میں اضافہ کر لیا جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 2024 All issues

Printed page