Al-Risala · July 2025 · page 50

سادگی کی اہمیت

الرسالہ، جولائی ۲۰۲۵، صفحہ ۵۰

سادگی کی اہمیت

کہا جاتا ہے کہ زندگی کا بیسٹ فارمولا ہے— سادہ زندگی اور اونچی سوچ: simple living high thinking سادہ زندگی اور اونچی سوچ دونوں کا ایک دوسرے سے نہایت گہرا تعلق ہے۔ جہاں سادہ زندگی ہے وہاں اونچی سوچ ہے، اور جہاں اونچی سوچ ہے وہاں سادہ زندگی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ہم رشتہ (interlinked) ہیں۔ ایک ہے تو دوسرا ہے، ایک نہیں تو دوسرا بھی نہیں۔ سادہ زندگی کا مطلب یہ ہے کہ زندگی کی ضروریات کے معاملے میں انسان بقدر ضرورت پر قناعت کرے، وہ لگژری (luxury) کے بجائے اشیائے ضرورت پر اکتفا کرے۔ ایسا آدمی غیر ضروری مسائل سے بچ جائے گا۔ وہ ڈسٹریکشن (distraction) سے محفوظ رہے گا۔ سادہ زندگی اور اونچی سوچ دونوں ایک دوسرے کا حصہ ہیں۔ جہاں سادہ زندگی ہوگی، وہاں اونچی سوچ پائی جائے گی، اور جہاں اونچی سوچ ہوگی، وہاں اپنے آپ زندگی میں سادگی اور قناعت پیدا ہو جائے گی۔ اونچی سوچ انسان کے لیے سب سے بڑی چیز ہے۔ لیکن اونچی سوچ کی شرط یہ ہے کہ آدمی سادگی پر قناعت کرے۔ سادگی آدمی کو اس نقصان سے بچاتی ہے کہ وہ اپنے پیسے یا اپنے ذرائع کو غیر ضروری چیزوں میں لگا دے اور پھر وہ مقصد کے حصول میں زیادہ کارگر جدوجہد نہ کر سکے۔ جو آدمی سادگی پر قناعت نہیں کرے گا، وہ غیر ضروری تکلفات میں پھنسار ہے گا۔ وہ ہمیشہ کے لیے اونچی سوچ سے محروم ہو جائے گا۔

زندگی کا لمحہ ایک محدود لمحہ ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اس محدود لمحہ کو بھر پور طور پر استعمال کرے ۔ اس دنیا میں زندگی کسی کو صرف ایک بار ملتی ہے۔ یہ آدمی کے اوپر ہے کہ وہ چاہے تو وقت کو استعمال کرے، یاوہ اس کو کھودے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ کسی مرد یا عورت کے پاس جوسب سے زیادہ قیمتی سرمایہ ہے، وہ وقت ہے، اور وقت کا معاملہ یہ ہے کہ وہ کسی آدمی کو صرف ایک بار ملتا ہے۔ کسی نے درست طور پر کہا ہے: گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2025 All issues

Printed page