Al-Risala · January 2025 · page 37

فوق الفطری حکم

الرسالہ، جنوری ۲۰۲۵، صفحہ ۳۷

اللہ، اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ زندہ ہے، سب کا تھامنے والا (اَلْحَيُّ الْقَيُّوْمُ)۔ اس کو نہ اونگھ آتی ہے اور نہ نیند۔ اسی کا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں کون ہے جو اس کے پاس اس کی اجازت کے بغیر سفارش کرے۔ وہ جانتا ہے جو کچھ ان کے آگے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے، اور وہ اس کے علم میں سے کسی چیز کا احاطہ نہیں کر سکتے مگر جو وہ چاہے ہے۔ اس کی حکومت آسمانوں اور زمین پر چھائی ہوئی ہے۔ وہ تھکتا نہیں ان کے تھامنے سے۔ اور وہی ہے بلند مرتبہ، بڑا۔ (2:255)

انسان کے لیے اللہ کی دریافت کا ایک ذریعہ کائناتی نشانیوں میں غور وفکر کرنا ہے۔ دورِجدید میں سائنسی دریافتوں نے ان نشانیوں کا دائرہ بہت وسیع کر دیا ہے۔ مثلاً انسان جب کائنات کا مشاہدہ کرتا ہے، وہ پاتا ہے کہ کہکشائیں (galaxies)، اور پورا شمسی نظام (solar system) نہایت صحت (accuracy) کے ساتھ چل رہے ہیں۔ سورج کا نکلنا اور ڈوبنا انتہائی صحت کے ساتھ پیش آتا ہے۔ ملین اور بلین سال کے اندر بھی اس میں کوئی فرق نہیں آتا۔ وہ دریافت کرتا ہے کہ کائنات مسلسل طور پر پھیل رہی ہے۔ چاروں طرف اس کا پھیلنا (expansion) انتہائی صحت (precision) کے ساتھ واقع ہو رہا ہے۔ متحرک ملکی وے (milky way) کے ایک کنارہ پر پورا شمسی نظام اس طرح قائم ہے کہ شمسی نظام بھی حرکت میں ہے، اور ملکی وے بھی حرکت میں ہے، اور یہ پورا واقعہ حد درجہ صحت کے ساتھ پیش آ رہا ہے۔ ملین اور بلین سال کے بعد بھی اس میں کوئی فرق نہیں آتا۔ اس طرح کے بے شمار نظامات ہیں، جو اس لامحدود حد تک وسیع خلا (space) میں پھیلے ہوئے ہیں۔ مثلاً ستاروں کا نظام (stellar systems) اور ایکسو پلانیٹری سسٹم (exoplanetary systems)، وغیرہ۔ ان میں سے ہر ایک مسلسل طور پر بے حد تیز رفتار مگر انتہائی صحت کے ساتھ متحرک ہیں۔ مگر ان میں کبھی ادنیٰ درجہ کا بھی ٹکراؤ نہیں ہوتا۔ یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اس کائنات کا انتظام کرنے والا ایک حی و قیوم خالق و مالک ہے۔ اس کے بغیر یہ انتظام ممکن نہیں۔

قرآن کی مذکورہ بالا آیت میں عظمتِ خداوندی کا ذکر ہے، نہ کہ زمین پر حکم خداوندی کے بزور نفاذ کا کوئی مطالبہ۔ یعنی یہ فوق الفطری حکم بالفعل قائم ہے، تا کہ انسان اس فوق الفطری حکم کے ذریعے خدا کو دریافت کرے، اور اس کے آگے خود اختیار کردہ ڈسپلن کے تحت جُھک جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2025 All issues

Printed page