لو پروفائل ، ہائی پروفائل
الرسالہ، نومبر ۲۰۲۵، صفحہ ۴۱
ایسا کیوں ہے۔ لو پرو فائل کا مطلب ہے، پبلسٹی سے دور رہ کر کام کرنا۔ یعنی غیر نمایاں انداز میں کام کرنا کہ آپ کا حریف آپ کے کام کو اپنے لیے چیلنج نہ سمجھے۔ فریق ثانی آپ کے کام میں اپنے لیے خطرہ محسوس نہ کرے۔ فریق ثانی آپ کے معاملے کو اپنے لیے غیر اہم سمجھ کر نظر انداز کردے : یہ طریقہ بہت بڑی حکمت پر مبنی ہے۔ اس طریقہ کار کی حکمت یہ ہے کہ لو پرو فائل میں کام کیا جائے تو اس سے ری ایکشن کا مسئلہ پیدا نہیں ہوتا۔ آدمی کو یہ موقع مل جاتا ہے کہ وہ شروع سے آخر تک اپنا کام معتدل انداز میں جاری رکھے، اور حسب منشا اپنے منصوبے کو تکمیل تک پہنچائے۔ لو پرو فائل میں کام کرنے کی صورت میں ایسا ہوتا ہے کہ فریق ثانی کو آپ کے کام کی خبر نہیں ہوتی۔ وہ آپ کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کا منصوبہ نہیں بناتا، وہ آپ سے ٹکراؤ کی کوشش نہیں کرتا۔ اس طرح آپ کو موقع مل جاتا ہے کہ آپ معتدل انداز میں اپنے منصوبوں کو مکمل کرسکیں۔ آپ کی پوری انرجی صرف اپنے منصوبے کی تکمیل میں استعمال ہو۔ غیر ضروری چیزوں میں ضائع ہونے سے بچ جائے۔ اس کے مقابلے میں ہائی پروفائل کا مطلب ہے، نمایاں انداز میں کام کرنا: ہائی پروفائل میں کام کرنا، ہمیشہ مسئلہ پیدا کرنے کا سبب بن جاتا ہے۔ فریق ثانی بہت جلد آپ کے عمل سے آگاہ ہو جاتا ہے، اور آپ کے مقابلے میں جوابی منصوبہ بندی شروع کر دیتا ہے۔ اس طرح بہت جلد ایسا ہوتا ہے کہ آپ اور فریق ثانی کے درمیان چین ری ایکشن (chain reaction) شروع ہو جاتا ہے۔ لو پرو فائل میں کام کرنے کی صورت میں یہ ہوتا ہے کہ آپ کا وقت اور آپ کی انرجی صرف اپنے منصوبے کی تکمیل میں استعمال ہوتی ہے۔ جب کہ ہائی پروفائل میں کام کرنے کی صورت میں آپ کے وقت اور آپ کی انرجی کا بڑا حصہ اصل مقصد میں لگنے کے بجائے جوابی کارروائی میں گزر جاتا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 2025 All issues