Al-Risala · January 2025 · page 44

30 جون 1986

الرسالہ، جنوری ۲۰۲۵، صفحہ ۴۴

تقسیم کے بعد پاکستان سے آئے ہیں، وہ تو سب کے سب اردو داں ہیں۔ گورنری وغیرہ کے عہدے اکثر انہیں حضرات کو دیے جاتے ہیں۔

ایک وقت تھا جب ہندو، کم از کم شمالی ہند کے ہندو، اچھی طرح اردو سے واقف تھے۔ مسلمان اپنی مادری زبان میں ان کو اسلام کا پیغام پہنچا سکتے تھے، مگر کئی نسل گزر گئی اور مسلمانوں نے یہ کام نہ کیا۔ اس کے بعد ملک کی تقسیم ہوئی اور نئے حکمرانوں نے ملک کو دوسرے رخ پر چلانا شروع کیا۔ اب ہندوؤں کی نئی نسل اور مسلمانوں کے درمیان ایک قسم کا لسانی بعد (language gap) پیدا ہو گیا ہے۔ چنانچہ ہندوؤں کی نئی نسل تک اسلام کا پیغام پہنچانا انتہائی حد تک مشکل ہو چکا ہے۔ اب عملاً وہی تھوڑے سے لوگ رہ گئے ہیں، جو ہندوؤں کی پرانی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ آخری توقع ہے جس سے مسلمانوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

30 جون 1986

میں 1967 میں دہلی آیا۔ ابتدا میں تقریباً 15 سال میرا قیام پرانی دہلی میں رہا۔ پرانی دہلی میں چھوٹی سی جگہ میں بے شمار انسان بسے ہوئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ ایشیا کا سب سے زیادہ گھنا علاقہ ہے۔ میں جب پرانی دہلی میں تھا تو وہاں انسانوں کے شور سے پریشان رہتا تھا۔ میں سوچتا تھا کہ اگر نئی دہلی میں رہائش کی صورت پیدا ہو جائے تو وہاں زیادہ سکون کے ساتھ کام ہو سکتا ہے۔

1983 میں نئی دہلی میں مرکز قائم ہوا اور اللہ تعالیٰ نے یہاں رہنے کی صورت پیدا فرما دی۔ مگر اصل مسئلہ سے پھر بھی چھٹی نہیں ملی۔ پرانی دہلی میں اگر انسانوں کا شور تھا تو یہاں کتوں کا شور سننا پڑا۔ یہاں کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور خوش حال افراد عام طور پر اپنے گھروں میں کتے پالے ہوئے تھے اور وہ برابر بھونکتے رہتے تھے۔ نئی دہلی میں، میں انسانی شور کے ماحول سے باہر نکل آیا تھا۔ مگر کتوں کے شور سے میں اب بھی مامون نہ تھا۔ شاید موجودہ دنیا میں شور سے چھٹی ملنے والی نہیں۔ بے شور کا ماحول انسان کو صرف جنت میں ملے گا۔ ایک حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جبریل آئے اور کہا کہ اللہ نے خدیجہ کو اپنا سلام بھیجا ہے۔ ایک اور روایت کے الفاظ ہیں: أُمِرْتُ أَنْ أُبَشِّرَ خَدِيجَةَ بِبَيْتٍ مِنْ قَصَبٍ، لَا صَخَبَ فِيهِ وَلَا نَصَبَ (سیرت ابن ہشام، جلد 1، صفحہ 214)۔ یعنی، مجھے حکم دیا گیا کہ میں خدیجہ کو جنت میں ایک ایسے مکان کی بشارت دوں جو یاقوت کا بنا ہوا ہو گا اور اس میں نہ شور ہو گا اور نہ تکلیف۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2025 All issues

Printed page