Al-Risala · May 2026 · page 34

معرفت، معلومات

الرسالہ، مئی ۲۰۲۶، صفحہ ۳۴

کامیابی کا راز

الفریڈ ایڈلر (1937-1870) مشہور نفسیاتی عالم (Psychologist) ہے۔ اس کا مخصوص موضوع شخصی نفسیات (Individual Psychology) ہے۔ پوری عمر انسان اور انسان کی چھپی ہوئی محفوظ قوتوں کا مطالعہ کرنے کے بعد اس نے یہ اعلان کیا کہ انسانی شخصیت کی خصوصیات میں سے ایک حیرت ناک خصوصیت اس کی یہ صلاحیت ہے کہ وہ ایک نہیں کو ہے میں تبدیل کر سکے : One of the wonder-filled characteristics of human beings is "their power to turn a minus into a plus."

(Dale Carnegie: How to Stop Worrying and Start Living, Ch. 17, p. 143)

اللہ تعالیٰ نے انسان کو انتہائی غیر معمولی صلاحیت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ مذکورہ اقتباس ایک نفسیات کی زبان سے اس کا اعتراف ہے۔ اسی صلاحیت کی آخری حد یہ ہے کہ انسان تاریکی میں بھی روشنی کا پہلو دیکھ لیتا ہے۔ وہ ناموافق حالات کو موافق حالات میں تبدیل کر سکتا ہے۔ جب اس کی بازی کھوئی گئی ہو، اس وقت وہ دوبارہ اپنے لیے نیا میدان تلاش کر لیتا ہے، جس میں جدوجہد کر کے، وہ از سر نو اپنی منزل پر پہنچ جائے ۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ انسان فطری طور پر well equipped ہے کہ وہ اپنے "نہیں" کو اپنے "ہے" میں تبدیل کر سکے۔ لیکن اس کی ایک شرط ہے۔ وہ یہ کہ وہ نزاعی طریق کار (confrontational approach) کو چھوڑے، اور مینجمنٹ (management) کا طریقہ اختیار کرے۔ آدمی کو چاہیے کہ جب بھی کوئی صورت حال سامنے آئے، تو پہلے اس کا مطالعہ (study) کرے، اور پھر غیر نزاعی طریق کار (non-confrontatioanl approach) کو اختیار کرتے ہوئے آبجیکٹیو طریقے (objective way) میں اپنے عمل کی پلاننگ کرے ۔ زندگی میں کامیابی کا راز مینجمنٹ پر مبنی ہے، نہ کہ چینج (change) پر ۔ غیر نزاعی طریق کار ہمیشہ مثبت نتیجہ (positive result) دیتا ہے، اور نزاعی طریق کار ہمیشہ مسئلے میں اضافہ کرتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2026 All issues

Printed page