Al-Risala · May 2026 · page 45

امن کا فارمولا

الرسالہ، مئی ۲۰۲۶، صفحہ ۴۵

امریکہ کو موجودہ زمانے میں سائنس کے میدان میں دوسری قوموں پر برتری حاصل ہے۔ اس واقعہ کا ایک خاص پہلو یہ ہے کہ یہ برتری اس نے بہت کم وقت میں حاصل کی۔ اور اس کا راز یہ ہے کہ اس نے ساری دنیا کے اعلیٰ ذہن کو اپنے ملک میں جمع کر لیا۔

امریکہ نے ان سائنس دانوں کا خیر مقدم کیا جو دو عالمی جنگوں کے درمیانی زمانہ میں یورپ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ اس سلسلے میں امریکہ نے ان کے ساتھ پوری طرح فراخ دلی کا معاملہ کیا۔ ان سائنس دانوں کو شہریت کے حقوق دیے گئے۔ ان کے ساتھ یہ شرط نہیں رکھی گئی کہ وہ اپنا کام پورا کرنے کے بعد اپنے وطن کو واپس چلے جائیں، وغیرہ۔

ان سائنس دانوں کی مادری زبانیں دوسری تھیں ۔ انہوں نے امریکہ آ کر انگریزی سیکھی اور اس میں مہارت پیدا کی۔ امریکہ میں ان کو اور ان کے خاندان کو پوری طرح ترقی کرنے کا موقع ملا۔ این ریکو فرمی (Enrico Fermi, d. 1954) ایک مشہور سائنس داں ہے۔ وہ روم میں 1901 میں پیدا ہوا۔ وہ نیوکلیئر ایج کے بانیوں میں سے سمجھا جاتا ہے۔ 1938 میں اس کو فزکس کا نوبل انعام ملا۔ اسی سال وہ امریکہ چلا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ اسٹاک ہوم کی تقریب کے فوراً بعد اس نے یہ کیا کہ نوبل انعام کی رقم سے اپنا اور اپنے خاندان کا ٹکٹ خریدا اور امریکہ کے لیے روانہ ہو گیا۔ امریکہ میں ان سے کہا گیا کہ وہ ایٹمی ری ایکٹر چلائیں۔ اگر چہ بعض سیاسی وجوہ سے ان کو امریکی شہریت 1944 میں دی گئی ۔ مگر امریکہ میں داخل ہوتے ہی ان کو ہر قسم کے حقوق حاصل ہو گئے تھے۔ یہی اعلیٰ ظرفی ہر قسم کی ترقی کی اصل بنیاد ہے۔ ایک لفظ میں اس دنیا میں کامیابی کا اصول یہ ہے : جتنا بڑا دل، اتنی بڑی کامیابی۔

شکایت اور حقوق طلبی میں اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی قابلیت میں اضافہ پر دھیان دیجیے ۔ آپ یقیناً کامیاب ہوں گے۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2026 All issues

Printed page