Al-Risala · July 2026 · page 50

انسان جاگ اٹھا

الرسالہ، جولائی ۲۰۲۶، صفحہ ۵۰

نظام سے موافقت کر کے رہتے ہیں، اسی طرح ہندوستانی مسلمان بھی ہندوستان کو اپنا ملک سمجھے اور یہاں کے حالات سے موافقت کر کے زندگی گزارے۔ اس کے بعد، ان شاء اللہ، ان کے لیے یہاں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہ ہوگا۔

یہ صورت حال صرف عرب ممالک ہی کی نہیں ہے۔ بلکہ یورپ و امریکہ اور دیگر ممالک کی بھی ہے، جہاں ہر جگہ مسلمان کامل موافقت کے ساتھ رہتے ہیں کہیں بھی کوئی قائد ملت حکومت کے خلاف شور و ہنگامہ نہیں کرتا۔ اگرچہ وہاں بھی دسیوں مقامات پر شریعت کے علاوہ دوسرے قوانین نافذ العمل ہیں ۔ مگر وہاں کوئی نفاذ شریعت یا تحفظ شریعت کا جلسہ جلوس نہیں ہوتا، اور یہی اس بات کی قیمت ہے جو وہاں پر سارے لوگ امن وسکون کے ساتھ رہتے ہیں۔

اسی لیے ’’قیادت نامہ‘‘ محض ایک کتاب نہیں، یہ ایک آئینہ ہے جس میں مولانا وحید الدین خاں صاحب نے مسلمانوں کی قیادت کا وہ چہرہ دکھایا ہے، جسے دیکھنا تکلیف دہ تو ہے مگر جس سے آنکھیں چرانا مزید تباہ کن ہے۔ جو قوم اپنی کمزوریوں کا سامنا کرنے کے بجائے ان پر پردہ ڈالتی رہے، جو قیادت اپنی قوم کو جگانے کے بجائے بھڑکاتی رہے، اور جو سماج ردعمل کو حکمتِ عملی سمجھتا رہے اس کا انجام تاریخ کے ہر دور میں یکساں رہا ہے۔

مولانا کا پیغام نہ مایوسی کا ہے، نہ مصلحت کوشی کا۔ بلکہ یہ ایک باشعور، پر حکمت، حقیقت پسند اور دور اندیش قوم بننے کی طرف دعوت ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ مسلمان اپنے آپ کو شکایتوں کی زنجیروں سے آزاد کریں، اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کریں، اور اپنے ماحول سے ٹکراؤ کے بجائے تعمیری ہم آہنگی کا راستہ اختیار کریں۔ یہ راستہ آسان نہیں، مگر یہی وہ راستہ ہے جو تاریخ میں کامیاب اقوام نے اختیار کیا ہے۔ یہ کتاب ہر اس شخص کو ضرور پڑھنی چاہیے جو مسلمانوں کی موجودہ صورت حال پر سنجیدگی سے سوچتا ہو، خواہ وہ قائد ہو یا عام فرد۔ یہ کتاب بتاتی ہے کہ تبدیلی ہمیشہ اوپر یا باہر سے نہیں، بلکہ اندر سے آتی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’قیادت نامہ‘‘ کا مطالعہ کرنے کے لیے اس QR کوڈ کو اسکین کریں ☞

‹ Previous page Next page › Contents of July 2026 All issues

Printed page