بہت جلد
الرسالہ، اپریل ۱۹۸۲، صفحہ ۳۹
بہت جلد
دولت، عزت، اولاد اور اقتدار وہ چیزیں ہیں جن کو آدمی سب سے زیادہ چاہتا ہے ۔ وہ ان کو حاصل کرنے کے لئے اپنا سب کچھ لگا دیتا ہے۔ مگر موت کا واقعہ بتاتا ہے کہ اس دنیا میں کسی کے لئے اپنی خواہشوں کی تکمیل ممکن نہیں۔ اس دنیا میں آدمی ان چیزوں کو نہیں پا سکتا جن کو وہ سب سے زیادہ پانا چاہتا ہے۔
آدمی اگر یہ سوچے کہ کسی چیز کو پانے کا کیا فائدہ جب کہ چند ہی روز بعد اس کو چھوڑ کر چلا جاتا ہے تو اس کے اندر قناعت آجائے اور دنیا کی تمام لوٹ کھسوٹ ختم ہو جائے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ یہاں پانے اور نہ پانے میں بہت زیادہ فرق نہیں۔ جو پانا اگلے دن کھونا بننے والا ہو اس پانے کی کیا قیمت ہے۔ آدمی اپنی ساری کوشش خرچ کر کے جو چیز حاصل کرتا ہے وہ صرف اس لئے ہوتی ہے کہ اگلے لمحہ وہ اسے کھودے۔ ہر زندگی بالآخر موت سے دوچار ہونے والی ہے۔ ہر وہ محبوب چیز جس کو آدمی اپنے گرد و پیش جمع کرتا ہے اس کو چھوڑ کر وہ دنیا سے اس طرح چلا جاتا ہے کہ پھر کبھی اس کی طرف نہیں لوٹتا۔ آدمی آج میں جیتا ہے، وہ کل کو بھولا ہوا ہے۔ آدمی دوسرے کا گھر اجاڑ کر اپنا گھر بناتا ہے حالاں کہ اگلے دن وہ قبر میں داخل ہونے والا ہے۔ آدمی دوسرے کے اوپر جھوٹے مقدمے چلا کر اس کو انسانی عدالت میں لے جاتا ہے حالانکہ فرشتے خود اس کو خدا کی عدالت میں لے جانے کے لئے اس کے پاس کھڑے ہوئے ہیں۔ آدمی دوسرے کو نظر انداز کر کے اپنی عظمت کے گنبد میں خوش ہوتا ہے حالانکہ بہت جلد اس کا گنبد اس طرح ڈھ جانے والا ہے کہ اس کی ایک اینٹ بھی دیکھنے کے لئے باقی نہ رہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of April 1982 All issues