Al-Risala · August 1982 · page 5

منفی سیاست ، مہنگی پڑی

الرسالہ، اگست ۱۹۸۲، صفحہ ۵

منفی سیاست ، مہنگی پڑی

موجودہ زمانہ میں اسپین کے مورخین اسپین کے اسلامی دور کا ذکر بے حد نفرت کے ساتھ کرتے ہیں، اسپین کی قرون وسطیٰ کی تاریخ کا ایک ماہر لکھتا ہے ”اگر اسلام نہ ہوتا تو اسپین بھی فرانس، جرمنی، اٹلی اور انگلینڈ کی طرح ترقی کا راستہ اختیار کرتا، بلکہ وہ یورپ کا رہنما بن جاتا۔ مگر اسلام نے آئبیریا ا سپین اور پرتگال) کی تقدیر کو بگاڑ دیا۔ اس میں شک نہیں کہ یورپ کو اسلام نے بے اندازہ فائدہ پہنچایا، مگر اسپین کو اس نے انسانی ترقی کے قافلہ سے پیچھے کر دیا“۔

جو اسلام بقیہ یورپ کے لئے رحمت ثابت ہوا وہی اسلام اسپین کے لئے نقصان دہ کیسے بن سکتا تھا۔ یہ فرق ثابت کرتا ہے کہ اس کی ذمہ داری خود اسپین پر تھی نہ کہ اسلام پر۔ چنانچہ پروفیسر جے بی ٹرینڈ نے لکھا ہے کہ اس کی وجہ اسپین کی منفی سیاست تھی۔ مسلمانوں کی فتح اسپین (۱۱۷۶ء) کے بعد یہ ہوا کہ اٹلانٹک سے لے کر بحر روم تک سارے شمالی اسپین میں جگہ جگہ مسلم حملہ آوروں‘‘ کی مخالفت کے مرکز قائم ہوگئے ۔ بیشتر لوگوں کا مشغلہ بس جنگ و جدال بن کر رہ گیا۔ تمام مردان کار نے فوجی وعسکری زندگی اختیار کر لی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ہر قسم کی علمی اور اقتصادی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئیں ۔

اسپین والوں کی مسلم مخالفت سرگرمیاں صدیوں کے بعد سولھویں صدی میں اپنی کامیابی کو پہنچیں۔ انھوں نے اسپین کے تمام مسلمانوں کو یا تو مار ڈالا یا ملک سے باہر نکال دیا۔ مگر یہ شان دار کامیابی ان کو صرف اس قیمت پر حاصل ہوئی کہ ملک اپنے تمام ہنرمند کاریگروں اور لاکھوں زرعی کارکنوں سے محروم ہو کر رہ گیا۔ اس خلا کے بعد اسپین کا زوال بالکل لازمی اور ناگزیر تھا۔

مزید یہ کہ اسلام جب ایک خطرناک ہمسایہ کی حیثیت سے ان کے درمیان باقی نہ رہا تو ان کی صدیوں کی تربیت یافتہ جنگ جوئی نے باہمی اختلاف اور لڑائی کی صورت میں اس کا استعمال پالیا۔ اسپین کی مسیحی ریاستیں مسلم نشانہ کو نہ پا کر آپس کے جنگ و پیکار میں مصروف ہوگئیں۔ ان کی انقطاع پسندی نے ان کے درمیان مختلف زبانیں اور مختلف روایتیں پیدا کردیں۔ ابتدائی صدیاں اگر مسلمانوں کے خلاف کارروائیوں میں ضائع ہوئی تھیں تو بعد کا زمانہ خود اپنوں کے خلاف ہنگامہ کرنے میں برباد ہو گیا (دیگیسی آف اسلام، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس، لندن)

‹ Previous page Next page › Contents of August 1982 All issues

Printed page