Tazkirul Quran (Urdu) · Daybreak (Al-Falaq)

Tazkirul Quran, Qur’an 113:1–5

Daybreak (Al-Falaq)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

اللہ وہ ہے جو رات کی تاریکی کو پھاڑ کر اس کے اندر سے صبح کی روشنی نکالتا ہے۔ یہی خدا ایسا کرسکتا ہے کہ وہ آفتوں کے سیاہ بادل کو انسان سے ہٹائے اور اس کو عافیت کے اجالے میں لے آئے۔

موجودہ دنیا امتحان کی مصلحت کے تحت بنائی گئی ہے۔ اس لیے یہاں خیر کے ساتھ شر بھی شامل ہے۔ اس دنیا کا معاملہ یہ ہے کہ یہاں سچ کے مقابلے میں جھوٹ ہمیشہ خوش نما ہوتا ہے۔ حقیقی نفع کے مقابلے میں فرضی نفع ہمیشہ زیادہ دکھائی دیتا ہے۔ مخلصانہ بات کے مقابلے میں منافقانہ بات ہمیشہ خوب صورت ہوتی ہے۔ نصیحت کے مقابلے میں خوش کرنے والی بات سننے میں زیادہ اچھی معلوم ہوتی ہے۔ حقیقی تاریخ کے مقابلے میں ، فرضی قصہ کہانیاں زیادہ دل چسپ ہوتی ہیں ۔ حقیقت پسندانہ کلام کے مقابلے میں رومانوی کلام ہمیشہ زیادہ دل کش نظر آتا ہے۔ کار آمد بات کے مقابلے میں بے فائدہ بات آدمی کو زیادہ پرکشش معلوم ہوتی ہے، وغیرہ۔ یہی وہ چیز ہے جو آدمی کو دھوکے میں ڈال دیتی ہے۔

اس شر سے بچنے کی تدبیر صرف یہ ہے کہ آدمی اس کے مقابلہ میں اللہ کی پناہ حاصل کرے۔ یہ شر بہت قسم کے ہیں ۔ مثلاً وہ شر جو بدباطن لوگ رات کی تاریکی میں کرتے ہیں ۔ جادو کرنے والے لوگ جو اکثر گرہوں میں پھونک مار کر جادو کا عمل کرتے ہیں ۔ اسی طرح وہ لوگ جو کسی کو اچھے حال میں دیکھ کر جلن میں مبتلا ہوجائیں اور اس کو اپنی حاسدانہ کارروائیوں کا شکار بنائیں ۔ اسی طرح مومن بندہ کو ہر وقت چوکنا بن کر رہنا ہے۔ تاکہ ایسا نہ ہو کہ تکبر، بے اعترافی ،حسد، انتقام، خود غرضی، عصبیت اور سرکشی، وغیرہ خود اس کی شخصیت کا حصہ بن جائے اور وہ خدا کے راستے سے دور ہوجائے۔ وہ امانی (غیر حقیقی باتوں) سے مسحور ہو کر حقیقت پسندی کے راستے سے ہٹ جائے۔ وہ منافقانہ باتوں کے فریب میں آکر مخلصانہ بات کو قبول نہ کرسکے۔ اِس دنیا میں ہر وقت یہ خطرہ ہے کہ آدمی سونے کے ملمّع کو سونا سمجھ کر لے لے اور پھر وہ سخت نقصان میں پھنس جائے۔ اِس دنیا میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آدمی خوش نما باتوں سے متاثر نہ ہو، وہ ٹھوس حقائق کی روشنی میں اپنی رائے بنائے۔ دانش مند صرف وہ شخص ہے جو اِس معیار پر پورا اترے۔مومن کو ایسے تمام اعمال اور افراد سے اللہ کی پناہ مانگنی چاہیے جو اس کو خدا کے راستے سے دور کرنے کا ذریعہ بنیں ۔ اور بلا شبہ اللہ ہی یہ طاقت رکھتا ہے کہ شر کی تمام قسموں سے انسان کو پناہ دے سکے۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page