Tazkirul Quran (Urdu) · Revelations Well Expounded (Fussilat)

Tazkirul Quran, Qur’an 41:44

Revelations Well Expounded (Fussilat)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

قرآن کے نزول کے بعد کی لمبی تاریخ بتاتی ہے کہ یہ تمام اسباب حیرت انگیز طور پر اس کے حق میں جمع رہے ہیں۔ ان تمام واقعات کی یکجائی اس قدر غیر معمولی ہے کہ قرآن کے سوا کوئی بھی دوسری کتاب نہیں جس کے حق میں وہ ڈیڑھ ہزار برس کی مدت تک مسلسل جمع رہے ہوں۔ یہی اس بات کی کافی دلیل ہے کہ قرآن خدا کی کتاب ہے۔

قرآن کی عظمت کو دلیل کی سطح پر پانا مطلوب ہے،نہ کہ طاقت کی سطح پر۔ طاقت کی سطح پر اس کی عظمت قیامت میں ظاہر ہوگی۔ مگر یہ ظہور صرف اس لیے ہوگا کہ جن لوگوں نے دلیل کی سطح پر خدا کی سچائی کو نہیں مانا تھا انھیں ذلیل کرکے خدا کی سچائی کو ماننے پر مجبور کیا جائے۔

قرآن عربی زبان میں اتراتو مخالفین نےکہا یہ تو محمد کی اپنی مادری زبان ہے، عربی میں کوئی کتاب بنا کر پیش کردینا ان کے لیے کیا مشکل ہے۔ اگر وہ واقعی پیغمبر ہوتے تو خدا کی مدد سے وہ اچانک کسی اجنبی زبان میں کلام کرنے لگتے۔

اس طرح کی بات ہمیشہ غیر سنجیدہ لوگ کرتے ہیں۔ اور جو لوگ غیر سنجیدہ ہوں ان کی زبان کبھی بند نہیں کی جاسکتی۔ مثلاً اگر ایسا ہو کہ پیغمبر آکر عرب کے لوگوں سے یونانی یا سُرياني یا فارسی زبان میں کلام کرنے لگے تو اس وقت لوگوں کو کہنے کے لیے یہ الفاظ مل جائیں گے— کیسا عجیب ہے یہ پیغمبر۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کی ہدایت کے لیے آیا ہے۔ مگر وہ ایسی زبان میں بولتا ہے جس کو اس کے مخاطبین سمجھ ہی نہ سکتے ہوں۔

حقیقت یہ ہے کہ حق کو صرف وہ لوگ قبول کرپاتے ہیں جو حق کے معاملہ میں سنجیدہ ہوں۔ جو لوگ حق کے معاملہ میں سنجیدہ نہ ہوں وہ واضح ترین بات کو بھی سمجھ نہیں سکتے۔ ان کی مثال ایسی ہی ہے جیسے کسی کو بہت دور سے پکار اجائے۔ ایسا شخص کچھ آواز تو سنے گا مگر وہ اصل بات کو سمجھنے سے محروم رہے گا۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page