Tazkirul Quran (Urdu) · Revelations Well Expounded (Fussilat)
Tazkirul Quran, Qur’an 41:51–52
Revelations Well Expounded (Fussilat)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
انسان کو نعمت اس لیے دی جاتی ہے کہ وہ اس کو خدا کا عطیہ قرار دے کر اس کا شکر ادا کرے۔ مگر انسان کا حال یہ ہے کہ وہ نعمت پاکر سرکش بن جاتا ہے۔ البتہ جب انسان پر کوئی تکلیف پڑتی ہے تو اس وقت وہ خدا کو پکارنے لگتا ہے۔ مگر مجبورانہ پکار کی خدا کے یہاں کوئی قیمت نہیں۔ انسان کی خوبی یہ ہے کہ وہ نعمت کے وقت بھی خدا کے آگے جھکے اور تکلیف کے وقت بھی۔
انسان کی یہی نفسیات ہے جو اس کو حق کے انکار پر آمادہ کرتی ہے۔ حق کسی کو مجبور نہیں کرتا، وہ اختیارانہ جھکاؤ کا طالب ہوتا ہے۔ چنانچہ جن لوگوں کے اندر اختیارانہ جھکاؤ کا مادہ نہیں ہوتا وہ ایسے حق کو نظر انداز کردیتے ہیں جس کو نظر انداز کردینے سے بظاہر ان کے اوپر کوئی آفت ٹوٹ پڑنے والی نہ ہو۔