Tazkirul Quran, Qur’an 42:17–18
Mutual Consultation (Al-Shura)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
جس طرح مادی چیزوں کو تولنے کے لیے ترازو ہوتی ہے اسی طرح معنوی حقیقتوں کو تولنے کے لیے خدانے اپنی کتاب اتاری ہے۔ خدا کی کتاب حق اور باطل کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کی کسوٹی ہے۔ ہر دوسری چیز کو خدا کی کتاب پر جانچا جائے گا، نہ یہ کہ خدا کی کتاب کو دوسری چیزوں پر جانچا جانے لگے۔
پیغمبرکے زمانہ میں جو لوگ آپ کی مخالفت کررہے تھے ان کی غلطی یہ تھی کہ ان کی قومی روایات اور ان کے اکابر کے اقوال واعمال سے ان کے یہاں جو دین بنا تھا اس کو معیار مان کر اسی کی روشنی میں وہ خدا کی کتاب کو دیکھتے تھے۔ حالانکہ ان کے لیے صحیح بات یہ تھی کہ وہ قومی روایات اور بزرگوں کے اقوال وافعال کو خدا کی کتاب کی روشنی میں دیکھیں۔ جو چیز خدا کی کتاب کے معیار پر پوری اترے اس کو لیں اور جو چیز خدا کی کتاب کے معیار پر پوری نہ اترے اس کو چھوڑ دیں۔
جانچنے کا یہ کام موجودہ دنیا میں آدمی کو خود کرنا ہے۔ آخرت میں یہ کام خدا کی طرف سے انجام دیا جائےگا۔ عقل مند وہ ہے جو قیامت میں تولے جانے سے پہلے اپنے آپ کو تول لے۔کیونکہ قیامت کی تول آخری فیصلہ کے لیے ہوگی، نہ کہ عمل کی مہلت دینے کے لیے۔