Tazkirul Quran (Urdu) · Mutual Consultation (Al-Shura)

Tazkirul Quran, Qur’an 42:7

Mutual Consultation (Al-Shura)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

پیغمبر کی دعوت کا اصل نشانہ یہ ہوتا ہے کہ لوگوں کو اس حقیقت سے آگاہ کردیا جائے کہ آخر کار وہ خدا کے سامنے حاضر کیے جانے والے ہیں۔ اس کے بعد لوگوں کے عمل کے مطابق کسی کے لیے ابدی جنت کا فیصلہ ہوگا اور کسی کے لیے ابدی جہنم کا۔

رسول الله صلی الله علیہ وسلم اسی حقیقت سے آگاہ کرنے کے لیے آئے۔ آپ کی بعثت کے دودور ہیں ایک براهِ راست دوسرا بالواسطہ ۔ آپ کی براهِ راست بعثت مکہ اور اطرافِ مکہ کے لیے تھی۔ اس کی تکمیل آپ نے خود اپنی زندگی میں فرمادی۔آپ کی بالواسطہ بعثت بواسطۂ امت تمام عالم کے لیے ہے۔ آپ کی یہ دوسری بعثت جاری ہے اور قیامت تک جاری رہے گی۔

رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے اهلِ عرب کے سامنے عربی زبان میں اپنا پیغام پہنچایا۔ آپ کے بعد آپ کی امت کو بھی آپ کی نیابت میں اسی اصول پر اپنا دعوتی فریضہ انجام دینا ہے۔ اس کو ہر قوم کے سامنے اس کی اپنی زبان میں حق کا پیغام پہنچانا ہے۔ جب تک کسی قوم کو اس کی اپنی زبان میں پیغام نہ پہنچایا جائے اس پر پیغام رسانی کا حق ادا نہ ہوگا۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page