Tazkirul Quran (Urdu) · Ornaments of Gold (Al-Zukhruf)

Tazkirul Quran, Qur’an 43:36–39

Ornaments of Gold (Al-Zukhruf)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

نصیحت سے اعراض کرنا یہ ہے کہ آدمی حقیقت کا اعتراف نہ کرے۔ خدائی حقیقت اس کے سامنے ایسے دلائل کے ساتھ آئے جس کا وہ انکار نہ کرسکتا ہو مگر وہ اپنی مصلحتوں کے تحفظ کی خاطر اس کو نظر انداز کردے۔

ایسا شخص اپنے موقف کو درست ثابت کرنے کے لیے اس کے خلاف جھوٹی باتیں کرتاہے۔ یہی وہ وقت ہے جب کہ شیطان کو یہ موقع مل جاتا ہے کہ وہ اس کے اوپر مسلط ہوجائے، وہ اس کی عقل کو غلط رخ پر دوڑانے لگے۔ فرضی توجیہات میں مشغول کرکے شیطان اس کو یقین دلاتا رہتا ہے کہ تم حق پر ہو۔ یہ فریب صرف اس وقت ٹوٹتا ہے جب کہ آدمی کی موت آتی ہے اور وہ خدا کے سامنے آخری حساب کے لیے کھڑا کردیا جاتا ہے۔

دنیا میں آدمی کا حال یہ ہے کہ وہ اس کو اپنا دوست اور ساتھی بنا لیتاہے جو اس کے جھوٹ کی تائید کرے۔ مگر آخرت میں وہ ایسے تمام ساتھیوں پر لعنت کرے گا۔ وہ چاہے گا کہ وہ اس سے اتنا دور ہوجائیں کہ وہ نہ ان کی شکل دیکھے اور نہ ان کی آواز سنے۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page