Tazkirul Quran, Qur’an 43:51–56
Ornaments of Gold (Al-Zukhruf)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
حق کا انکار کرنے والوں نے ہمیشہ حق کے داعی کی معمولی حیثیت کو دیکھ کر حق کا انکار کیا ہے۔ مصر میں فرعون کی حیثیت یہ تھی کہ وہ ملک کا حکمراں تھا۔ دریائے نیل سے نکلی ہوئی نہریں اس کے حکم سے جاری تھیں۔ عزت کے تمام سروسامان اس کے گرد جمع تھے۔ اس کے مقابلہ میں حضرت موسی بظاہر ایک معمولی انسان دکھائی دیتے تھے۔ اسی فرق کو پیش کرکے فرعون نے اپنی قوم کو بہکایا۔ حضرت موسی کا انکار کرنے میں قوم اس کے ساتھ ہوگئی۔
بظاہر اسی قسم کے دلائل کی بنیاد پر فرعون کی قوم نے فرعون کا ساتھ دیا۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ اس کی وجہ قوم کی اپنی کمزوری تھی، نہ کہ فرعون کے دلائل کی مضبوطی۔ اس وقت حضرت موسی کا ساتھ دینا اپنی زندگی کے بنے بنائے نقشہ کو توڑنا تھا۔ اور بہت کم آدمی ایسے ہوتے ہیں جو اپنے بنے ہوئے نقشہ کو توڑ کر حق کا ساتھ دینے کی جرأت کریں۔ چنانچہ فرعون پر جب انکار حق کے نتیجہ میں خدا کا عذاب آیا تو اس کی قوم بھی اسی کے ساتھ عذاب الٰہی کی زد میں آگئی۔