Tazkirul Quran, Qur’an 46:11
The Sand Dunes (Al-Ahqaf)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
ابتداء ً جو لوگ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے ساتھی بنے ان میں کئی ایسے لوگ تھے جو غریب اور غلام طبقہ سے تعلق رکھتے تھے۔ مثلاً بلال ، عمار ، صہیب ، خباب ، وغیرہ۔ اسی کے ساتھ آپ پر ایمان لانے والوں میں وہ لوگ بھی تھے جو عرب کے معزز خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے۔ مثلاً ابو بکر بن أبی قحافہ ،عثمان بن عفان، علی ابن ابی طالب، وغیرہ۔مگر آپ کے مخالفین صرف پہلی قسم کے لوگوں کا ذکر کرتے تھے، وہ دوسری قسم کے لوگوں کا ذکر نہیں کرتے تھے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آدمی کو جب کسی سے ضد ہوجاتی ہے تو وہ اس کے بارے میں یک رخا ہوجاتا ہے۔ وہ اس کے اچھے پہلوؤں کو نظر انداز کردیتا ہے اور صرف انھیں پہلوؤں کا ذکر کرتا ہے جس کے ذریعہ اسے اس کی تحقیر کا موقع ملتا ہو۔
اسی طرح یہ ایک واقعہ تھا کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی دعوت وہی تھی جو پچھلے تمام پیغمبروں کی دعوت تھی۔ آپ ایک ابدی صداقت کو لے کر آئے تھے۔اس واقعہ کو آپ کے مخالفین ان لفظوں میں بھی بیان کرسکتے تھے کہ ’’یہ ایک بہت پرانا سچ ہے‘‘۔ مگر انھوں نے یہ کہہ دیا کہ ’’یہ ایک بہت پرانا جھوٹ ہے‘‘۔ ناانصافی کی یہ قسم قدیم زمانہ کے انسانوں میں بھی پائی جاتی تھی اور آج بھی وہ پوری طرح لوگوںکے اندر پائی جارہی ہے۔