Tazkirul Quran (Urdu) · Iron (Al-Hadid)

Tazkirul Quran, Qur’an 57:25

Iron (Al-Hadid)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

موجودہ دنیا کو خدا نے اس طرح بنایا ہے کہ یہاں مادی چیزیں انسانی اخلاقیات کے لیے تمثیل کا کام کرتی ہیں ۔ یہاں اس سلسلہ میں دو چیزوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ ایک، میزان اور دوسرے، ترازو۔

دین میں دو چیزیں مطلوب ہیں ۔ ایک پیروئ دین، اور دوسری حمایت دین۔ ترازو گویا پیروی دین کی علامتی تمثیل ہے۔ جس طرح ترازو پر کسی چیز کا کم و بیش ہونا معلوم ہوتا ہے۔ اسی طرح خدا کی کتاب بھی حق کی ترازو ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ اپنے اعمال خدا کی کتاب پر جانچ کر دیکھتے رہیں کہ وہ کس حد تک درست ہیں اور کس حد تک درست نہیں ۔

اسی طرح لوہا گویا حمایت دین کی علامتی مثال ہے۔خدا کے دین کی نصرت وہ لوگ کرسکتے ہیں ، جن کے اندر حدیدی کردار ہو، یعنی وہ لوگ جو قابل پیشین گوئی کردار (predictable character) کے حامل ہوں، جن کے قول پر پورا اعتماد کیا جاسکے، جو مشکل حالات میں بھی کوئی کمزوری نہ دکھائیں ، جو نفس اور شیطان کے دباؤ کے مقابلے میں اسٹیل کی طرح بے لچک ثابت ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ جب بھی دین کا کوئی معاملہ پڑے تو وہاں آدمی کو لوہے کی طرح مضبوط ثابت ہونا چاہیے۔ اس کو فولادی قوت کے ساتھ دین کا دفاع کرنا چاہیے۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page