Tazkirul Quran (Urdu) · The Pen (Al-Qalam)
Tazkirul Quran, Qur’an 68:8–16
The Pen (Al-Qalam)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
’’جھٹلانے والوں کا کہنا نہ مانو‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ جھٹلانے والے اس قابل نہیں کہ ان کا کہنا مانا جائے۔ ایک طرف حق کا علم بردار ہے جو دلیل پر کھڑا ہوا ہے جس کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں۔ دوسری طرف اس کے مخالفین ہیں جن کے پاس جھوٹی باتوں اور پست کردار کے سوا اور کوئی سرمایہ نہیں۔ داعی حق کا اعتماد صداقت پر ہے اور اس کے مخالفین کا اعتماد اپنی مادی حیثیت پر۔ حق کا داعی اصول کا پابند ہے۔ اس کے برعکس، اس کے مخالفین کے سامنے کوئی اصول نہیں۔ وہ کبھی ایک بات کہتے ہیں اور کبھی دوسری بات۔ اگر کسی شخص کے اندر عقل ہو تو یہی فرق یہ بتانے کے لیے کافی ہے کہ کون شخص حق پر ہے اور کون شخص ناحق پر۔