Tazkirul Quran, Qur’an 70:40–44
The Ascending Stairways (Al-Ma‘arij)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
زمین پر اجالے اور اندھیرے کا فرق ، مشرق اور مغرب کا بدلنا زمین کی اس انوکھی خصوصیت کی بنا پر ہوتا ہے جس کو محوری جھکاؤ (axial tilt) کہتے ہیں ۔ اس دنیا میں ہر جگہ ایک ہی وقت میں شام یا ایک وقت میں صبح نہیں ہوتی۔ بلکہ مختلف وقتوں میں ہوتی ہے۔اس حقیقت کی طرف قرآن میں مختلف انداز میں اشارے کیے گئے ہیں ۔ انھیں میں سے ایک ’’مشرقوں اور مغربوں کا رب‘‘ (70:40) ہے۔ یعنی اس مالک کائنات کی قسم، جو زمین پر بے شمار مشرق اور بے شمار مغرب پیدا کرتا ہے۔ سورج کی گرد زمین کی گردش بلاشبہ حیران کن حد تک ایک عظیم واقعہ ہے۔ زمینی گردش کے اس سسٹم کی وجہ سے زمین پر مختلف قسم کے موسم پیدا ہوتے ہیں ۔ سورج کی نسبت سے اگر زمین میں یہ جھکاؤ نہ ہوتا تو زمین انسان کے لیے بہت کم مفید ہوتی۔ اس جھکاؤ نے زمین کو انسان کے لیے بہت زیادہ مفید بنا دیا۔ یہ واقعہ خاموش زبان میں اعلان کررہا ہے کہ اس کائنات کا مالک بے پناہ حکمت والا اور بے پناہ قدرت والا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو زمین کی یہ حیرت ناک گردش اتنی صحت کے ساتھ مسلسل قائم نہ رہ سکے۔
جس دنیا میں کم بہتر کو زیادہ بہتر بنانے کی ایسی مثال موجود ہو، اس دنیا میں اسی نوعیت کے دوسرے واقعات کا ظہور میں آنا کچھ بھی مستبعد نہیں ۔ ان کھلی کھلی نشانیوں کے باوجود جو لوگ نصیحت نہ پکڑیں وہ بلا شبہ غیرسنجیدہ لوگ ہیں ۔ اور غیر سنجیدہ لوگ صرف اس وقت نصیحت پکڑتے ہیں جب کہ وہ اس کے لیے مجبور کردیے گئے ہوں۔