Tazkirul Quran, Qur’an 77:8–19
Those that are Sent Forth (Al-Mursalat)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
جب قیامت آئے گی تو دنیا کا موجودہ نظام درہم برہم ہوجائے گا۔ جو لوگ موجودہ دنیا میں اپنے آپ کو زور آور سمجھتے ہیں اور اس بنا پر دعوت حق کو نظر انداز کرتے ہیں ، وہ اس دن اپنے آپ کو اس حال میں پائیں گے کہ ان سے زیادہ بے زور اور کوئی نہیں ۔اس کے مقابلہ میں کچھ اور لوگ ہوں گے جن کی حقیقت آخرت کے دن لوگوں کے سامنے آئے گی ۔ وہ دیکھیں گے کہ ایک شخص جس کو انھوں نے دنیا کی زندگی میں اس کے معمولی حالات کی بناپر غیراہم سمجھا تھاوہ اپنے اندر اہمیت کا پہاڑ لیے ہوئے تھا ۔ ایک شخص جس کو دنیا کی مجلسوں میں کہیں عزت کی جگہ نہیں ملی تھی وہ فرشتوں کی زیادہ باعزت مجالس میں اپنے صبح و شام کے اوقات گزار رہا تھا۔ ایک شخص جس کو وقت کے بڑوں نے رد(reject) کر دیا تھا وہی وہ شخص تھا جس کو خدا کی طرف سے مقبولیت کی سند ملی ہوئی تھی ۔ ایک شخص جس کو دنیا کے لوگ بے دین قرار دے کر حقارت کے خانہ میں ڈالے ہوئے تھے اس کا نام خدا کے یہاں دین داروں کی فہرست میں سب سے اوپر لکھا ہوا تھا ۔