Tazkirul Quran (Urdu) · The Most High (Al-A‘la)

Tazkirul Quran, Qur’an 87:1–19

The Most High (Al-A‘la)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

آدمی دیکھتا ہے کہ اونٹ جیسا عجیب الخلقت جانور اس کا مطیع ہے۔ آسمان اپنی ساری عظمتوں کے باوجود اس کے لیے مسخر ہے۔ زمین ہماری کسی کوشش کے بغیر ہمارے لیے حد درجہ موافق بنی ہوئی ہے۔ یہ واقعات سوچنے والے کو خدا اور آخرت کی یاد دہانی کراتے ہیں ۔ جو لوگ دنیا کے اس نظام سے یاد دہانی کی غذا لیں انھوں نے اپنے لیے خدا کی ابدی نعمتوں کا استحقاق ثابت کیا۔ اور جو لوگ غفلت میں پڑے رہیں انہوں نے یہ ثابت کیا کہ وہ صرف اس قابل ہیں کہ ان کو ہر قسم کی نعمتوں سے ہمیشہ کے لیے محروم کردیا جائے۔

دعوت آخری حدتک ایک پرامن نصیحت کا نام ہے، نہ کہ بزور کسی نظریہ کو نافذ کرنے کا نام۔ یعنی داعی کی ذمہ داری صرف یہ ہے کہ وہ آخر وقت تک حکیمانہ انداز میں خدا کا پیغام لوگوں تک پہنچاتا رہے۔ جہاں تک نتیجہ (result) کا تعلق ہے، وہ اس کو مکمل طورپر اللہ کے حوالے کردے۔ حضرت عمر بن عبد العزیز نے اپنے دور کے ایک عامل کے نام ایک خط میں اس طرح لکھا تھا وَإِنَّ اللهَ جَلَّ ثَنَاؤُهُ بَعَثَ مُحَمَّدًا صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ دَاعِيًا إِلَى الإِسْلامِ وَلَمْ يَبْعَثْهُ ‌جَابِيًا (الخراج لابی یوسف،صفحہ 144)۔ یعنی اللہ تعالی نے بے شک محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو داعی بنا کر بھیجا ہے، اللہ نے آپ کو ٹیکس وصول کرنے والا بنا کر نہیں بھیجا۔

دوسرے الفاظ میں ، پیغمبر کا مشن ٹیکس وصولی کا نظام (حکومت)قائم کرنا نہیں ہے، بلکہ پیغمبر کا مشن پرامن دعوت ہے۔ یعنی پرامن طریقہ کار کے ذریعہ لوگوں کو باخبر کیا جائے کہ موجودہ دنیا میں ان کو کس قسم کی زندگی گزارنی چاہیے، جو ان کوآخرت کی زندگی میں کامیاب کرنے والی ہو۔ جس کے نتیجہ میں وہ دنیا میں اللہ کی مدد کے مستحق قرار پائیں ، اور آخرت میں ان کو جنت کے باغوں میں داخل کیا جائے۔ جہاں وہ ابدی طورپر حزن اور خوف سے پاک زندگی گزاریں ۔ پیغمبر کا مشن قرآن کے الفاظ میں انذار اور تبشیر کا مشن ہے، یعنی اللہ کی پکڑ سے بچانا اور اللہ کے انعام کی خوش خبری دینا۔ پیغمبر کا مشن افراد کو ایڈریس کرنے کا مشن ہے۔ پیغمبر کا مشن یہ ہے کہ ہر فرد اپنے آپ کو اللہ کی مرضی کے مطابق بنائے، تاکہ وہ ابدی طور پر اللہ کی رحمتوں کا مستحق قرار پائے۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page