فتح مبین
Urdu book, p. 209
By Maulana Wahiduddin Khan
روحی مطلوب اللہ نے تمام انسانوں کو اپنے دین پر پیدا کیا ہے ۔ ہر انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے پیدائشی طور پر " مسلم " ہے ۔ اسلامی دعوت صرف یہ کرتی ہے کہ آدمی کو اس کی فطرت میں چھپا ہوا سبق یاد دلاتی ہے ، وہ آدمی کے لاشعور کو شعور کی سطح پر لے آتی ہے ۔ ہر پیغمبر کا دین اصلاً یہی دین فطرت تھا ۔ مگر تحریف اور تبدیلی کے نتیجہ میں پچھلے دینوں نے فطرت انسانی سے اپنی مطابقت کھودی ہے ۔ اس لیے اب یہ حیثیت صرف اسلام کو حاصل ہے۔ اسلام پورے معنوں میں دین فطرت بھی ہے اور اسی کے ساتھ پوری طرح تحریف اور ملاوٹ سے پاک بھی۔ اسلام کی اس خصوصیت نے اسلام کو بلا شرکت دین انسانی کی حیثیت دیدی ہے ۔ امکانی طور پر آج ہر انسان اسی دین خداوندی کا منتظر ہے جس کو اسلام کہا جاتا ہے ۔ انسان کی فطرت ایک دین کی طالب ہے ، اور یہ دین اسلام کے سوا اور کوئی نہیں ۔ اسلام تمام انسانوں کا اپنا روحانی مطلوب ہے ۔ اور جو پیغام خود مخاطب کے اپنے دل کی طلب بنا ہوا ہو ، اس کی طاقت بے پناہ ہوتی ہے ۔ اس کی تسخیری صلاحیت اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ اس کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ۔ اسلام اپنی اسی طاقت کے زور پر ہر دور میں پھیلتا رہا ہے ۔ آج بھی وہ اپنی طاقت کے زور پر پھیل رہا ہے ۔ اسلام کی اشاعت کے اس عمل میں واحد رکاوٹ صرف وہ نزاعات ہیں جو مسلمانوں اور دوسری قوموں کے درمیان قائم ہوگئے ہیں ۔ مسلمان اگر یک طرفہ اقدام کے ذریعہ ان نزاعات کو ختم کردیں تو اسلام آج کی دنیا میں اس طرح پھیلے گا جس طرح سیلاب کا پانی زمین پر پھیلتا ہے ۔ اسلام اپنی ذات میں طاقت ہے ۔ انسان خود اپنے دل کی آواز کے تحت اس کی طرف کھینچتا ہے ۔ ضرورت یہ ہے کہ اسلام کو اس کی اصل صورت میں انسان تک پہنچا دیا جائے ۔ اسلام ہر آدمی کا فطری تقاضا ہے ۔ اسلام ہر آدمی کا روحانی مطلوب ہے ۔ اور کون ہے جو خود اپنی فطرت کی پکار کو نہ سنے ، کون ہے جو خود اپنی روحانی آواز پر کان نہ لگائے ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader