Urdu book · الربَّانِيَّةُ

ربانی انسان

Urdu book, p. 37

By Maulana Wahiduddin Khan

سب سے بڑی خبر قرآن کی سورہ نمبر ۷۸ میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ لوگ کس چیز کے بارہ میں پوچھ رہے ہیں، اس بڑی خبر (النبا العظیم) کے بارہ میں جس میں لوگ مختلف ہیں (النبا ا-۲) اس سے معلوم ہوا کہ اللہ کے نزدیک ایک خبر ایسی ہے جو سب سے بڑی خبر کی حیثیت رکھتی ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ سب سے زیادہ اس کے متعلق جانے ۔ وہ خبر اس قابل ہے کہ اس کے بارہ میں لوگوں کو سب سے زیادہ آگاہ کیا جائے ۔ یہ سب سے بڑی خبر کیا ہے۔ مذکورہ سورت میں اس کو تنبیہہ و تہدید کے خدائی اسلوب میں بتایا گیا ہے۔ وہ خبر یہ ہے کہ انسان کے اوپر ایک یومِ فصل (فیصلہ کا دن) آنے والا ہے ۔ جب اس کا مقررہ وقت آئے گا تو خدا کے حکم سے فرشتہ صور پھونکے گا ۔ یہ اس بات کا آخری اعلان ہوگا کہ امتحان کی مدت ختم ہوگئی ، اب سزا و جزا کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ اس کے بعد تمام اگلے اور پچھلے انسان خدا کے سامنے حاضر کیے جائیں گے اور ہر ایک کو اس کے عمل کے مطابق یا ابدی جنت میں داخل کیا جائے گا یا ابدی جہنم میں۔ موجودہ دنیا میں آدمی اپنے آپ کو بے شمار نعمتوں کے درمیان پاتا ہے ۔ وہ ایک بہترین جسم اور اعلیٰ صلاحیت والا دماغ لے کر پیدا ہوتا ہے ۔ جب وہ دنیا میں آتا ہے تو یہاں اس کو ایک ایسی زمین تیار حالت میں ملتی ہے جہاں اس کی ضرورت کی تمام چیزیں بہترین صورت میں مہیا ہیں ۔ زمین سے لے کر آسمان تک ہر چیز اس کی خدمت میں لگی ہوئی ہے۔ انسان کے لیے یہ اعلیٰ کائناتی انتظام اس لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ اس کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے آپ کو رب العالمین کے آگے جھکا دے ۔ وہ دنیا میں اس طرح زندگی گزارے کہ وہ اپنے رب کا عبادت گزار اور شکر گزار بندہ بنا ہوا ہو۔ جو شخص تواضع اور شکر گزاری کی زندگی گزارے ، وہ آزمائش میں پورا اترا۔ اس کو موجودہ تمام نعمتیں مزید اضافہ کے ساتھ ابدی طور پر دے دی جائیں گی ۔ اور جو لوگ سرکشی اور بے اعترافی کا طریقہ اختیار کریں ، وہ آزمائش میں ناکام ہو گئے ۔ ان سے تمام نعمتیں چھین لی جائیں گی۔ اس کے بعد ان کو دوزخ کے گڑھے میں دھکیل دیا جائے گا تاکہ ابدی طور پر حسرت اور عذاب کا مزہ چکھتے رہیں ۔ یہ بلاشبہ تمام خبروں میں سب سے زیادہ بڑی خبر ہے ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page