Urdu book · اللہ اکبر

اللہ اکبر

Urdu book, p. 11

By Maulana Wahiduddin Khan

کیسی عجیب ہے خدا کی کاریگری کہ وہ بے قیمت چیزوں سے انتہائی قیمتی چیز بناتا ہے۔ وہ مردہ چیز کو زندہ چیز میں تبدیل کرتا ہے ۔ وہ بے شعور مادہ سے باشعور مخلوق وجود میں لاتا ہے ۔ وہ نہیں سے ہے کی تخلیق کرتا ہے ۔ کسی جادوگر کی چھڑی سے ایک پتھر کوئی آواز نکالے تو اس کو دیکھ کر سارے لوگ حیران رہ جائیں گے۔ مگر خدا بے شمار انسانوں کو مادہ سے بنانا کر کھڑا کر رہا ہے۔ اور وہ نہایت با معنی الفاظ میں کلام کر رہے ہیں۔ مگر اس کو دیکھ کر کسی پر حیرانی طاری نہیں ہوتی ۔ کیسے اندھے ہیں وہ لوگ جن کو جادو گر کے کرشمے دکھائی دیتے ہیں، مگر خدا کے کرشمے دکھائی نہیں دیتے ۔ کیسے بے عقل ہیں وہ لوگ جو جھوٹے کرشمے دکھانے والوں کے سامنے سراپا عقیدت مند بن جاتے ہیں ، مگر جو ہستی سچے کرشمے دکھارہی ہے اس کے لیے ان کے اندر عقیدت و محبت کا جذبہ نہیں امنڈتا۔ حقیقت یہ ہے کہ انسان اگر خدا کو پالے تو وہ اس کے کمالات میں گم ہو جائے ۔ خدا کے سوا کسی دوسری چیز کا اس کو ہوش نہ رہے۔ خدا کا عقیدہ میں نئی دہلی میں انڈیا گیٹ کے سامنے کھڑا تھا۔ انڈیا گیٹ تعمیر اور سنگ تراشی کا بے حد حسین نمونہ ہے۔ وہ مشاہدہ کی زبان میں بتا رہا ہے کہ انسان کیسی انوکھی صلاحیتوں کا مالک ہے وہ ” انڈیا گیٹ “ جیسی ایک چیز کو پیشگی طور پر سوچتا ہے۔ وہ اس کا منصوبہ بناتا ہے اور پھر عملاً اس کو وقوع میں لاتا ہے۔ اس کو دیکھ کر مجھے خیال آیا کہ اگر تمام ستاروں اور سیاروں اور تمام درختوں اور جانوروں سے کہا جائے کہ وہ ایک ”انڈیا گیٹ“ بنادیں تو سب مل کر بھی اس کے جیسی ایک عمارت نہیں بنا سکتے ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page