Urdu book · اللہ اکبر

خدا کا عقیدہ

Urdu book, p. 12

By Maulana Wahiduddin Khan

یہی دوسرے تمام انسانی واقعات کا حال ہے۔ انسان جو کام کرتا ہے وہ اس کی انتہائی نادر استثنائی خصوصیت ہے۔ معلوم کائنات میں کوئی بھی دوسری مخلوق اس قسم کے کام کو انجام نہیں دے سکتی جس کو انسان اپنی عقل اور اپنے ہاتھ پاؤں کو استعمال کر کے انجام دیتا ہے۔ خواہ وہ ایک انڈ یا گیٹ کو بنانا ہو یا ایک پیچیدہ مشین کو چلانا۔ انسان سے خدا کو یہ مطلوب تھا کہ وہ خدا کی شعوری معرفت حاصل کرے۔ وہ اپنی عقل سے خدا کو پہچانے۔ اس لیے اس نے انسان کو ایسی ممتاز تخلیق کے ساتھ پیدا کیا۔ جس طرح انسان ساری کائنات سے ممتاز ایک ہستی ہے، اسی طرح خدا انسان کے مقابلہ میں ایک ممتاز تر ہستی ہے۔ انسان اگر اس فرق پر غور کرے، جو اس کے اور بقیہ کائنات کے درمیان ہے تو اسی پر وہ اس فرق کو قیاس کر سکتا ہے جو اس کے اور خدا کے درمیان ہے۔ خدا اسی امتیازی فاصلے کی آخری اور انتہائی شکل ہے جس کا آدمی اپنے اور کائنات کے درمیان فاصلہ کے ذریعہ تجربہ کر رہا ہے۔ خدا کو سمجھنا اتنا ہی آسان ہے جتنا اپنے آپ کو سمجھنا۔ حقیقت یہ ہے کہ خدا کو ماننا ایک مانی ہوئی چیز کو ماننا ہے۔ خدا کو دیکھنا ایک دیکھی ہوئی چیز کو دیکھنا ہے۔ انسان جس واقعہ کا ہر آن تجربہ کر رہا ہے۔ اسی واقعہ کی توسیع کا دوسرا نام خدا کا عقیدہ ہے۔ انسان اس کائنات میں ”فل اسٹاپ‘‘ نہیں۔ پھر اگر کائنات کے آگے انسان کا درجہ ممکن ہے تو انسان کے آگے خدا کا درجہ کیوں ممکن نہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page