Urdu book · اللہ اکبر

خدا کا ثبوت

Urdu book, p. 16

By Maulana Wahiduddin Khan

خدا کا ثبوت اگر ایک انسان کا وجود ہے تو ایک خدا کا وجود کیوں نہیں ہوا اور پانی، درخت اور پتھر، چاند اور ستارے موجود ہیں تو ان کو وجود دینے والے کا وجود مشتبہ کیوں ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ تخلیق کی موجودگی عمل تخلیق کا ثبوت ہے اور انسان کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں ایک ایسا خالق موجود ہے جو دیکھے اور سنے، جو سوچے اور واقعات کو ظہور میں لائے۔ اس میں شک نہیں کہ خدا ظاہری آنکھوں سے دکھائی نہیں دیتا، مگر اس میں بھی شک نہیں کہ اس دنیا کی کوئی بھی چیز ظاہری آنکھوں سے دکھائی نہیں دیتی۔ پھر خدا کو ماننے کے لیے دیکھنے کی شرط کیوں ضروری ہو۔ آسمان پر ستارے جگمگاتے ہیں۔ عام آدمی سمجھتا ہے کہ وہ ستاروں کو دیکھ رہا ہے۔ حالانکہ خالص علمی اعتبار سے یہ صحیح نہیں ۔ جب ہم ستاروں کو دیکھتے ہیں تو ہم ستاروں کو براہ راست نہیں دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ بلکہ ان کے اثرات کو دیکھ رہے ہوتے ہیں جو ستاروں سے جدا ہو کر کروڑوں سال کے بعد ہماری آنکھوں تک پہنچے ہیں۔ یہی تمام چیزوں کا حال ہے۔ اس دنیا کی ہر چیز جس کو انسان ”دیکھ“ رہا ہے۔ وہ صرف بالواسطہ طور پر اسے دیکھ رہا ہے۔ براہ راست طور پر انسان کسی چیز کو نہیں دیکھتا۔ اور نہ ہی اپنی موجودہ محدودیت کے ساتھ کبھی دیکھ سکتا۔ پھر جب دوسری تمام چیزوں کے وجود کو بالواسطہ دلیل کی بنیاد پر مانا جاتا ہے تو خدا کے وجود کو بالواسطہ دلیل کی بنیاد پر کیوں نہ مانا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ خدا اتنا ہی ثابت شدہ ہے جتنا کہ اس دنیا کی کوئی دوسری چیز۔ اس دنیا کی ہر چیز بالواسطہ دلیل سے ثابت ہوتی ہے۔ اس دنیا میں ہر چیز اپنے اثرات کے ذریعہ سے پہچانی جاتی ہے۔ ٹھیک یہی نوعیت خدا کے وجود کی بھی ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page