Urdu book · اللہ اکبر

اللہ اکبر

Urdu book, p. 220

By Maulana Wahiduddin Khan

جو ناموافق حالات میں قابل قدر ہونے کا ثبوت دے۔ جو دعوت حق کو اس وقت پہچانے جب کہ دعوت حق ماحول میں اجنبی بنی ہوئی ہو۔ جو دین خداوندی کے ساتھ ایسے حالات میں اپنے کو وابستہ کرے جب کہ دین ظاہر بینوں کو بے قیمت نظر آتا ہو۔ اللہ تعالیٰ دلوں کو دیکھتا ہے نہ کہ جسموں کو۔ اللہ کے یہاں حقیقت کی قدر ہے نہ کہ ظاہری دکھاوے کی۔ اللہ کو وہ بندے پسند ہیں جو اس وقت جھک گئے ہوں جب کہ اس کی قوتیں ابھی غیب میں چھپی ہوئی ہیں۔ اللہ کو وہ بندے درکار ہیں جن کی بصیرت کی نگاہیں کھلی ہوئی ہوں۔ اللہ کو وہ بندے درکار نہیں جن کے اندھے پن کا یہ حال ہو کہ وہ پیشانی کی آنکھ سے دکھائی دینے والی چیزوں کے سوا کسی اور چیز کو دیکھ ہی نہ سکیں۔ حقیقت یہ ہے کہ نہ دینے والے دور میں دئے جانے کا فیصلہ ہوتا ہے۔ پہچانے والا وہ قرار پاتا ہے جس نے نہ پہچاننے والے حالات میں پہچانے کا ثبوت دیا ہو۔ انعام کا مستحق وہ ہے جس نے اس وقت ساتھ دیا ہو جب کہ لوگوں نے اس کو غیر اہم سمجھ کر اسے نظر انداز کر دیا تھا۔ پانے کے باوجود محروم چارلی چپلن (1977-1889) فلمی دنیا کا ایک مشہور ترین آدمی تھا۔ وہ فلموں میں ہنسانے کا کردار ادا کرتا تھا۔ اس نے 52 سالہ فلمی زندگی میں بے شمار دولت کمائی۔ چارلی چپلن ایک انگریز تھا۔ اس نے امریکا میں فلمی ترقی حاصل کی اور پھر سوئزر لینڈ میں اس نے 137 ایکڑ زمین خرید کر وہاں اپنے لیے ایک شاندار مکان بنایا۔ جب وہ مرا تو اس کی ملکیت میں دس ملین پونڈ موجود تھے۔ اس کو بڑے بڑے انعامات اور خطابات سے نوازا گیا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page