Urdu book · اللہ اکبر

شکار کرنے والے

Urdu book, p. 286

By Maulana Wahiduddin Khan

شکار کرنے والے کرنل جے پال نے اپنی شکاری یادداشتوں پر ایک کتاب شائع کی ہے جس کا نام ہے عظیم شکار: Great Hunt, Lt. Col. Jaipal, Carlton Press. New York 1982. جم کاربٹ (Jim Corbett) ایک شکاری تھا، وہ شیر کو گولی مار کر ہلاک کرنے سے خاص دل چسپی رکھتا تھا، تاہم اپنے اس قاتلانہ فعل کے لیے اس کے پاس ایک خوبصورت توجیہ تھی۔۔ میں گاؤں والوں کو مردم خور شیروں سے بچانے کے لیے ان کا شکار کرتا ہوں‘ اسی طرح اکثر شکاریوں کے پاس اپنے وحشیانہ کھیل کی خوبصورت تاویلات موجود ہوتی ہیں۔ مگر کرنل جے پال کو اس قسم کی فرضی توجیحات تلاش کرنے کی ضرورت نہیں۔ انھوں نے صفائی کے ساتھ اس بات کو تسلیم کر لیا ہے جس کو دوسرے لوگ صفائی کے ساتھ تسلیم نہیں کرتے۔ کرنل جے پال کے لیے گھڑیال کو مارنا ایک پسندیدہ کھیل تھا۔ وہ لکھتے ہیں کہ وہ منظر بڑا دلچسپ ہوتا تھا جب کہ میں گھڑیال کے پیچھے رینگ کر چلتا۔ پھر کبھی گھڑیال چھپ سے پانی میں کود پڑتا۔ اور جب اس کو گولی لگتی تو وہ عجیب طریقے سے اپنی دم پٹکتا اور اپنا منہ کھول دیتا۔ یہ سب چیزیں مجھ کو بڑی عجیب قسم کی پُر جوش مسرت دیتی تھیں: All this gave me quite a lot of thrills. انسان کے مزاج میں یہ بات داخل ہے کہ وہ دوسرے کی گھات میں لگے۔ وہ دوسرے کو ستانے کے منصوبے بنائے اور جب دوسرے کو ستانے میں کامیاب ہو جائے تو اپنی کامیابی پر خوشی کے قہقہے لگائے۔ یہی مزاج انسان کے امتحان کا اصل پرچہ ہے۔ جو اپنے اس مزاج سے مغلوب ہو کر اپنے بھائی کا شکار کرنے لگے وہ جہنمی ہے اور جو شخص اپنے اس مزاج پر قابو پالے اور دنیا میں اس طرح رہے کہ وہ دوسرے انسانوں کے لیے رحمت بنا ہوا ہو وہی وہ شخص ہے جس کے لیے آخرت میں جنت کے دروازے کھولے جائیں گے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page