Urdu book · اللہ اکبر

روپیہ سے راکھ تک

Urdu book, p. 359

By Maulana Wahiduddin Khan

تخلیق کی حکمت ہندوستان نے 1984 میں روس کے تعاون سے اپنے دو آدمی خلا میں بھیجے۔ ان کے نام ہیں : مسٹر رویش ملہوترا (پیدائش 1943) اور مسٹر راکیش شرما (پیدائش 1949 )۔ ان دونوں ہوا بازوں نے 1983 میں دس مہینے روس کے خلائی سنٹر ( Star City ) میں گزارے۔ دس مہینہ کی ٹریننگ میں ان کو جو چیزیں سکھائی گئیں ان میں سے ایک روسی زبان بھی تھی۔ بنگلور کی ایک پریس کانفرنس (ہندوستان ٹائمس، 24 جولائی 1983) میں ان خلا بازوں نے خلا کے بارے میں بعض دلچسپ چیزیں بتائیں۔ انھوں نے بتایا کہ خلائی پرواز کے دوران آدمی تقریباً چھ سینٹی میٹر لمبا ہو جاتا ہے۔ مگر اس کی اصل لمبائی اس وقت واپس آ جاتی ہے جب کہ وہ دوبارہ زمین پر اترتا ہے۔ لمبائی کا یہ فرق جسم کے اوپر فضا کے دباؤ کی وجہ سے ہوتا ہے : One would gain about six centimetres in height during a space flight but would get back to one's normal height soon after returning to earth with the atmospheric pressure acting on the vertebrate. خلا میں انسانی جسم کا لمبا ہو جانا بے وزنی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ وزن یا بے وزنی دونوں قوت کشش کے اثر سے پیدا ہوتے ہیں۔ ہماری زمین بے حد صحیح اندازہ کے مطابق بنائی گئی ہے۔ اس لیے یہاں ہر آدمی کا قد نہایت متناسب ہوتا ہے، نہ چھوٹا اور نہ بڑا۔ زمین کی جسامت اگر موجودہ جسامت کے مقابلہ میں نصف ہو جائے تو اس کی کشش گھٹ جائے گئی۔ اس کے نتیجہ میں انسان غیر متناسب طور پر لمبے قد کے ہونے لگیں گے ۔ موجودہ معتدل قد کے انسانوں کے بجائے ہر طرف لمبے لمبے انسان دکھائی دیں گے۔ ایک ایسی دنیا کا تصور کیجیے جہاں موجودہ معتدل قد کے انسانوں کے بجائے ہر طرف اونٹ جیسے انسان کھڑے ہوئے نظر آتے ہوں ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page