Urdu book · اللہ اکبر

داعی بننا

Urdu book, p. 390

By Maulana Wahiduddin Khan

ہو کوئی شخص وحی کے بغیر پیغمبر نہیں بن سکتا۔ اسی طرح کوئی شخص خدا کا داعی نہیں بن سکتا جب تک اس کی رسائی خدا کے غیر ملفوظ کلام تک نہ ہوجائے۔ خدا ہواؤں کو اپنا سفیر بنا کر بھیجتا ہے۔ خدا چڑیوں کی صورت میں اپنا نغمہ بکھیرتا ہے۔ خدا دریا کے تموج کے ذریعہ آواز دیتا ہے اور سورج کی روشنی کے ذریعہ اپنی مرضی سے مطلع کرتا ہے۔ وہی شخص داعی ہے جو خدا کے ان اعلانات کو سن کر اسے دوسروں کو سنانے کے لیے اٹھے۔ جو شخص اس کے بغیر خدا کا داعی بن کر کھڑا ہو جائے وہ خدا کا مجرم ہے، نہ کہ خدا کا داعی۔ داعی حقیقتاً وہ ہے جس کے بارے میں خدا کے فرشتے گواہی دیں کہ خدایا تیرا یہ بندہ وہ ہے جو دوسروں کو وہ چیز دینے کے لیے اٹھا جس کو اس نے تجھ سے پایا تھا۔ تو آسمانوں کے ذریعہ جس حقیقت کا اعلان کر رہا تھا اس کو اس نے سنا اور تیرے بندوں کو اسے سنایا۔ تو نے سورج اور چاند کے ذریعہ جس ہدایت کو کھولا اس کو تیرے بندے نے پڑھا اور لوگوں کو اسے پڑھوایا۔ تو درختوں اور پہاڑوں کے ذریعہ اپنی مرضی کو ممثل کر رہا تھا۔ اس کو اس نے پہچانا اور لوگوں کو اس سے آگاہ کیا۔ دعوت کا عمل ایک انتہائی زندہ عمل ہے۔ داعی کو ہر روز نئی چیز دریافت کرنا چاہیے۔ اس کو ہر روز خدا کا نیا فیضان ملنا چاہیے۔ ساری کائنات کو اس کے لیے نہ ختم ہونے والا دستر خوان بن جانا چاہیے۔ اگر ایسا نہ ہو تو داعی جمود کا شکار ہو جائے گا۔ اور جو شخص جمود کا شکار ہو جائے وہ خود موت سے دوچار ہو چکا ہے۔ وہ دوسروں کو زندگی کا پیغام کیا دے گا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page